جمعہ 20 نومبر 2026 - 14:47
امریکہ کو فوجی اڈے فراہم کرنے والے اسلامی ممالک، حقیقی مسلمان نہیں: آیت اللہ سعیدی

حوزہ/ قم المقدسہ کے امام جمعہ آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا ہے کہ جو اسلامی ممالک امریکہ کو اپنے فوجی اڈے فراہم کرتے ہیں اور مظلوم مسلمانوں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں امریکہ اور اسرائیل کا ساتھ دیتے ہیں، وہ حقیقی مسلمان نہیں ہیں بلکہ منافق ہیں اور کافروں سے بھی بدتر ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید محمد سعیدی نے 20 نومبر 2026 کو مصلیٰ قدس قم المقدسہ میں نماز جمعہ کے خطبوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک اسلام کا نام تو لیتے ہیں، لیکن اپنے وسائل اور فوجی اڈے امریکہ اور اسرائیل کے اختیار میں دے دیتے ہیں۔ ایسے ممالک نہ صرف مظلوم مسلمانوں کو تنہا چھوڑ رہے ہیں بلکہ ظالم قوتوں کی مدد بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو حکمران خود کو حرمین شریفین کا خادم کہتے ہیں، لیکن یمن کے عوام پر ظلم کرتے ہیں، اسی طرح جو ممالک غزہ اور لبنان کے مظلوم عوام کی حمایت کرنے کے بجائے اسرائیل کا ساتھ دیتے ہیں، ان کا اسلامی دعویٰ محض نام تک محدود ہے۔

آیت اللہ سعیدی نے کہا کہ حقیقی مسلمان وہ ہے جو اللہ کا فرمانبردار ہو، نہ کہ امریکہ اور اسرائیل کا تابع دار۔ اگر یہ حکمران واقعی رسول اکرمؐ کے پیروکار ہوتے تو کفار کے مقابلے میں سخت اور آپس میں ایک دوسرے کے لیے مہربان ہوتے۔

بسیج قومی طاقت اور عوامی خدمت کی علامت ہے

آیت اللہ سعیدی نے ہفتہ بسیج کی مناسبت سے کہا کہ امام خمینیؒ نے 1358 ہجری شمسی میں بسیج مستضعفین کی بنیاد رکھی۔ بسیج ایک عوامی قوت ہے جس نے دفاع مقدس کے دوران فوج اور سپاہ کے ساتھ مل کر اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ تعمیر و ترقی، قدرتی آفات اور دیگر مشکلات کے دوران بھی بسیجیوں نے عوام کی خدمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بسیج صرف ایک تنظیم نہیں بلکہ ایک سماجی ثقافت ہے، جس کی بنیاد ملک کے مستقبل کے حوالے سے ذمہ داری کا احساس، مسائل کے حل کے لیے آمادگی اور ذاتی مفادات پر اجتماعی مفادات کو ترجیح دینا ہے۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے اس عوامی قوت سے فائدہ اٹھائے۔

شہدا کے اہل خانہ کی قربانیوں کو یاد رکھا جائے

امام جمعہ قم نے حضرت ام البنینؑ کی وفات اور شہدا کی ماؤں اور بیویوں کے احترام کے دن کی مناسبت سے کہا کہ حضرت ام البنینؑ نے دین اور امام حسینؑ کی حمایت میں اپنے چار بیٹوں کو قربان کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی بہادری کے ساتھ ان کے اہل خانہ، خصوصاً ماؤں اور بیویوں کی قربانیوں اور صبر کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کی یاد منانے کا مقصد صرف تقریبات منعقد کرنا نہیں، بلکہ نئی نسل کو ان کے مقاصد اور راستے سے آگاہ کرنا بھی ہے۔

آیت اللہ وحید خراسانی کی وفات بڑا علمی نقصان

آیت اللہ سعیدی نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی وفات پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک صاحب ایمان عالم کی وفات سے اسلام میں ایسا خلا پیدا ہوتا ہے جسے کوئی چیز پُر نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ اہل بیتؑ کی تعلیمات کے تحفظ اور خاندان رسالت سے محبت کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتے تھے۔ بالخصوص حضرت فاطمہ زہراؑ کے ایام کی یاد منانے اور یوم شہادت پر سرکاری تعطیل کی تجویز پیش کرنے میں ان کا اہم کردار تھا۔ ان کے علمی دروس اور تصانیف بھی دنیا کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رہبر معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے بھی ان کی وفات پر تعزیتی پیغام جاری کیا گیا ہے، جبکہ جمعہ کی شب حرم حضرت معصومہؑ قم میں ان کی یاد میں مجلس منعقد کی جائے گی، جس سے آیت اللہ احمد خاتمی خطاب کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha