حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 20 نومبر 2026ء کو مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ، ڈیفنس کراچی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجتالاسلام علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ایامِ شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور ایامِ ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے سیرتِ زہرا (س)، دفاعِ امامت و ولایت، اتحادِ امت، نظم و تقویٰ اور موجودہ عالمی و ملکی حالات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
انہوں نے اپنے پہلے خطبے میں تقویٰ الٰہی کو کامیابی کا بنیادی راستہ قرار دیتے ہوئے کہا: ہمیں سب سے پہلے اپنی اصلاح اور اللہ تعالیٰ کی پرواہ کرتے ہوئے زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ تقویٰ ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا قیام دفاعِ امامت و ولایت کے لیے تھا
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا (س) پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: خاتونِ جنت سلام اللہ علیہا نے اسلام کے لیے ایسی قربانیاں پیش کیں جن کا تصور بھی آسان نہیں۔ آپ سلام اللہ علیہا کی جدوجہد کا ایک بنیادی پہلو امامت و ولایت کا دفاع تھا۔ امامت و ولایت توحید، نبوت اور اسلام سے جدا نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور استحکام کا اہم ذریعہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے پس منظر کو سمجھنے کے لیے مسئلہ امامت و ولایت کی اہمیت کو سمجھنا ضروری ہے۔ امام حسن مجتبیٰ اور امام حسین علیہما السلام کی شہادت کے اسباب میں بھی امامت و ولایت کا مسئلہ بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ تاریخ میں توحید اور نبوت کو تسلیم کرنے کے باوجود امامت و ولایت کے معاملے میں اختلافات اور مخالفت سامنے آتی رہی ہے۔
خطیب جمعہ نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی شخصیت اور ابتدائی دورِ اسلام میں آپ سلام اللہ علیہا کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حمایت اور دفاع میں حضرت ابوطالب علیہ السلام نے اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔ جب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اذیت پہنچانے کی کوششیں کی گئیں تو حضرت علی علیہ السلام نے بھی کم عمری ہی میں آپؐ کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے جنگ بدر اور جنگ احد کے تاریخی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی شجاعت اور اسلام کے دفاع میں آپ سلام اللہ علیہا کے کردار نے مخالفین کے دلوں میں دشمنی کو مزید بڑھایا۔ غزوۂ احد میں حضرت حمزہ علیہ السلام کی شہادت اور آپ سلام اللہ علیہا کے جسد مبارک کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ تاریخ کا ایسا باب ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
علامہ شبیر میثمی نے واقعہ غدیر اور دعوتِ ذوالعشیرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت کا اعلان فرمایا اور غدیر کے موقع پر اس ذمہ داری کو واضح انداز میں امت کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے شرکائے جمعہ کو مختلف مکاتبِ فکر کی تاریخی کتابوں کے مطالعے کی بھی ترغیب دی تاکہ واقعات کو وسیع تناظر میں سمجھا جا سکے۔
انہوں نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنے شوہر کا ذاتی دفاع نہیں کیا بلکہ امامت و ولایت کا دفاع کیا۔ یہ امامت و ولایت کسی انسان کی طرف سے عطا کردہ نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے مقرر کردہ تھی۔ نبوت، امامت، ولایت اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عصمت کا تعلق بھی اللہ تعالیٰ کے حکم اور ارادے سے ہے۔
خطیب جمعہ نے سورۂ تکاثر کی آیت «ثُمَّ لَتُسْأَلُنَّ يَوْمَئِذٍ عَنِ النَّعِيمِ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روایاتِ معصومین علیہم السلام کے مطابق اس آیت میں نعمت سے مراد ولایت و امامت بھی ہے، جس کے بارے میں قیامت کے دن سوال کیا جائے گا۔ ہمیں اپنی نسلوں کو عقیدہ امامت و ولایت پر قائم رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

علمائے دین کی خدمات اور تقویٰ کو نمونہ عمل قرار دیا
دوسرے خطبے میں انہوں نے تقویٰ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی (رہ) کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا: سال 2026ء میں متعدد عظیم دینی شخصیات اور علمائے کرام کی رحلت امت کے لیے بڑا نقصان ہے۔ رہبر شہید اور آیت اللہ العظمیٰ اسحاق فیاض، آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی اور اب آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کی رحلت نے علمی و دینی حلقوں کو سوگوار کیا ہے۔
انہوں نے کہا: ان بزرگ علماء نے اپنی طویل زندگیاں دین کی خدمت اور علمی و دینی رہنمائی میں گزاری ہیں۔ ہمیں بھی ان کے تقویٰ، اخلاص اور دینی خدمات سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو دین کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔
ایران کی استقامت اور عالمی حالات
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی اور عالمی سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے ایران کی استقامت کو مضبوط اعتقادی بنیادوں کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا: جو اللہ تعالیٰ پر توکل کرتا ہے، اللہ اس کے لیے مشکلات سے نکلنے کا راستہ پیدا کرتا ہے۔ ایران نے اپنے مضبوط عقیدے اور استقامت کی بنیاد پر عالمی طاقتوں کے سامنے اپنا مؤقف برقرار رکھا ہے۔
خطیب جمعہ نے خطے کی صورت حال، اسرائیل کی پالیسیوں اور فلسطین کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے اقدامات اور اس کے پس پردہ نظام کو سمجھنا ضروری ہے۔ دشمن کی کوشش ہے کہ امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے پیروکاروں کو پہلے ہی کمزور کر دیا جائے لیکن شیعہ قوم نے تاریخ کے مختلف ادوار میں قربانیاں دینے کے باوجود اپنے امام کو فراموش نہیں کیا۔
انہوں نے کہا: شیعہ مسلمان وہ ہے جو مشکلات، قربانیوں اور آزمائشوں کے باوجود امام مہدی علیہ السلام کی یاد اور عقیدے سے وابستہ رہتا ہے۔ آج بھی اہلِ ایمان کو استقامت، بیداری اور دفاعِ حق کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
عقیدہ، اتحاد اور نظم و ضبط قومی و اجتماعی زندگی کی بنیاد ہیں
خطیب جمعہ نے قائداعظم محمد علی جناح کے معروف اصول ’’ایمان، اتحاد اور تنظیم‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط عقیدہ انسان کے قدموں کو استحکام عطا کرتا ہے۔ کربلا میں اصحابِ امام حسین علیہ السلام کی استقامت اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ جب انسان کسی مضبوط عقیدے کے ساتھ وابستہ ہو جائے تو مشکلات اور قربانیاں اسے اپنے راستے سے ہٹا نہیں سکتیں۔
انہوں نے ملک میں اتحاد کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: اگر کوئی سیاسی کشمکش یا فتنہ ہو تو ہمیں حکمت اور بصیرت سے کام لینا چاہیے۔ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے فتنوں کے دور میں اختیار کی جانے والی حکمتِ عملی کے بارے میں رہنمائی فرمائی ہے۔ ہمارے لیے اسلام اور پاکستان کا مفاد ہر دوسری چیز سے زیادہ اہم ہے۔
علامہ شبیر میثمی نے معاشی بدعنوانی اور عوامی مسائل کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ملک کو تباہی کی طرف لے جانے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ ایسے وقت میں جب عوام بھوک، مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ضروری ہے کہ وسائل عوام کی بنیادی ضروریات اور شہری سہولیات پر خرچ کیے جائیں۔
انہوں نے نہج البلاغہ میں امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی وصیت «أُوصِيكُمْ بِتَقْوَى اللَّهِ وَنَظْمِ أَمْرِكُمْ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: امام علیہ السلام نے تقویٰ الٰہی اور امور کو منظم رکھنے کی تاکید فرمائی ہے۔ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نظم و ضبط اختیار کرنا چاہیے۔ طلبہ، طالبات اور دینی اداروں سے وابستہ افراد کو بھی اپنی روزمرہ زندگی میں نظم و ترتیب کا خیال رکھنا چاہیے۔
خطیب جمعہ نے مزید کہا کہ ہر نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے اور زندگی کے معاملات کو منظم انداز میں چلانا چاہیے۔ نظم و ضبط زندگی میں برکت اور کامیابی کا ذریعہ بنتا ہے۔
معاشی مشکلات کے پیش نظر نوجوانوں کو فنی تعلیم دینے کی ضرورت ہے
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے پاکستان کی معاشی صورت حال اور مستقبل کے ممکنہ چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: سال 2026ء میں جو معاشی مشکلات اور مسائل پیدا ہوئے ہیں، ان کے اثرات 2027ء اور 2028ء میں مزید نمایاں ہو سکتے ہیں۔ ہمیں ابھی سے ان حالات کا ادراک کرتے ہوئے اپنی قوم کو معاشی مشکلات سے بچانے کے لیے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔
انہوں نے غربت کے معاشرتی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے امام زین العابدین علیہ السلام سے منقول روایت «كَادَ الْفَقْرُ أَنْ يَكُونَ كُفْرًا» کا حوالہ دیا اور کہا: غربت انسان کو ایسے حالات کی طرف دھکیل سکتی ہے جہاں وہ مختلف معاشرتی برائیوں اور جرائم کا شکار ہو جائے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد، خصوصاً نوجوانوں کے معاشی مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچیں۔
خطیب جمعہ نے کہا: دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی جانب بڑھ رہی ہے۔ مستقبل میں روبوٹ اور جدید ٹیکنالوجی بہت سے شعبوں میں انسانی محنت کی جگہ لے سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ایسے حالات میں صرف روایتی ڈگریاں حاصل کرنا کافی نہیں ہوگا بلکہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق فنی اور تکنیکی مہارتیں بھی سیکھنا ہوں گی۔
انہوں نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: اپنے بچوں اور نوجوانوں کو تکنیکی شعبوں کی طرف لے جائیں۔ انہیں مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، سافٹ ویئر، ہارڈویئر اور دیگر جدید علوم و فنون کی تربیت دلوائیں۔ اس کے علاوہ پلمبر، مکینک اور الیکٹرک گاڑیوں کی مرمت جیسے ہنر بھی سیکھنے چاہئیں تاکہ وہ جلد اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔
خطیب جمعہ نے کہا: زہرا (س) اکیڈمی کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کو مختلف تکنیکی اداروں میں تربیت کے لیے بھیجا جا رہا ہے اور جو نوجوان فیس یا سفری اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، ان کی معاونت بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اہلِ خیر اور معاشرے کے صاحبِ استطاعت افراد سے اپیل کی کہ وہ بھی نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کی اس کوشش میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا: اگر کسی نوجوان کو کوئی ہنر نہیں آتا تو اسے چھ ماہ کی تربیت دے کر سافٹ ویئر، ہارڈویئر، مکینیکل یا دیگر فنی شعبوں میں قابل بنایا جا سکتا ہے۔ ہمیں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور انہیں معاشی طور پر خودکفیل بنانے کے لیے تیزی سے اقدامات کرنا ہوں گے۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے شرکائے جمعہ پر زور دیا کہ وہ معاشی مسائل کو اجتماعی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کریں، نوجوانوں کی رہنمائی کریں اور انہیں ہنر سکھانے کے مواقع فراہم کریں، کیونکہ معاشرے کے افراد کو مشکلات سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔










آپ کا تبصرہ