جمعہ 20 نومبر 2026 - 19:33
خطبۂ فدکیہ اسلامی عقائد، نظامِ حیات، اخلاقیات اور تربیتی اصولوں کا عظیم منشور ہے؛ مولانا سید نقی مہدی زیدی

حوزہ/ اجمیر حجۃ الاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے خطبۂ جمعہ میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے تاریخی خطبۂ فدکیہ کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطبہ محض ایک معاشی یا سیاسی حق کے دفاع تک محدود نہیں، بلکہ توحید، نبوت، قرآن کی حجیت، فلسفۂ احکام، ولایتِ اہلِ بیتؑ، سماجی عدل اور اصلاحِ معاشرہ جیسے بنیادی اسلامی موضوعات پر مشتمل ایک جامع منشور ہے۔ انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت پر بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی علمی، فقہی اور قرآنی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ تاراگڑھ اجمیر حجۃالاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے خطبۂ جمعہ میں حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کا تاریخی "خطبہ فدک" صرف ایک معاشی یا سیاسی حق کے دفاع کا بیانیہ نہیں ہے، بلکہ یہ اسلامی عقائد، نظامِ حیات، اخلاقیات اور تربیتی اصولوں کا ایک عظیم منشور ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطبہ فدکیہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا وہ تاریخی اور فصیح خطبہ ہے جو انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد مسجد نبوی میں ارشاد فرمایا، اس خطاب میں توحید، نبوت، قرآن کی حجیت، فلسفۂ احکام، ولایتِ اہلِ بیت، وراثتِ انبیاء، سماجی عدل اور حق گوئی جیسے بنیادی موضوعات کو یکجا کیا گیا ہے۔

خطیب جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی نے کہا کہ: خطبہ کا آغاز اللہ تعالیٰ کی حمد، شکر اور توحید سے ہوتا ہے، جس میں خالقِ کائنات کی بے شمار نعمتوں اور اس کے ہر عیب و تشبیہ سے پاک ہونے کو واضح کیا گیا ہے، "اَلْحَمْدُ لِلَّهِ عَلَى مَا أَنْعَمَ، وَلَهُ الشُّكْرُ عَلَى مَا أَلْهَمَ... الْـمُمْتَنِعُ عَنِ الْأَبْصَارِ رُؤْيَتُهُ، وَمِنَ الْأَلْسُنِ صِفَتُهُ، وَمِنَ الْأَوْهَامِ كَيْفِيَّتُهُ"، تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں اس پر جو اس نے نعمت عطا فرمائی، اور اسی کے لیے شکر ہے اس پر جو اس نے الہام فرمایا... وہ ذات جس کا بصارتوں سے دیکھا جانا محال ہے، زبانیں اس کی صفت بیان کرنے سے قاصر ہیں، اور وہم و گمان اس کی کیفیت تک نہیں پہنچ سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ:بعثتِ نبوی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قبل معاشرے میں ظلم، عدمِ تحفظ اور فکری تاریکی عام تھی۔ رسالت مآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حق و ہدایت کے ذریعے اس پستی کو بدلا اور دین کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کیا۔

امام جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی نے خطبہ فدک کی روشنی میں فلسفۂ احکام اور عبادات کی حکمت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے فرمایا:"فَجَعَلَ اللَّهُ الْإِيمَانَ تَطْهِيرًا لَكُمْ مِنَ الشِّرْكِ، وَالصَّلَاةَ تَنْزِيهًا لَكُمْ عَنِ الْكِبْرِ، وَالزَّكَاةَ تَزْكِيَةً لِلنَّفْسِ وَنَمَاءً فِي الرِّزْقِ، وَالصِّيَامَ تَثْبِيتًا لِلْإِخْلَاصِ"، پس اللہ نے ایمان کو تمہارے لیے شرک سے پاکی کا ذریعہ، نماز کو تکبر سے دور رہنے کا سبب، زکوٰۃ کو نفس کی پاکیزگی اور رزق میں اضافے کا ذریعہ، اور روزے کو اخلاص کے استحکام کے لیے واجب فرمایا، یعنی ہر عبادت انسان کے باطن کی ایک مخصوص کمزوری کا علاج کرتی ہے: ایمان شرک کی آلودگی دور کرتا ہے، نماز غرور و تکبر توڑتی ہے، زکوٰۃ بخل و حرص سے پاک کر کے رزق میں برکت لاتی ہے، اور روزہ باطنی اخلاص کو مضبوط کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے معاشرتی عدل، صلہ رحمی اور اصلاحِ معاشرہ فردی عبادات کے ساتھ ساتھ اجتماعی نظام کو قائم رکھنے والے احکام کی حکمت بھی بیان فرمائی "وَالْعَدْلَ تَنْسِيقًا لِلْقُلُوبِ، وَصِلَةَ الْأَرْحَامِ مَنْسَأَةً فِي الْعُمُرِ، وَمَنْماةً لِلْعَدَدِ... وَالْأَمْرَ بِالْمَعْرُوفِ مَصْلَحَةً لِلْعَامَّةِ"، اور عدل کو دلوں کے ہم آہنگ ہونے کا ذریعہ، صلہ رحمی کو عمر میں برکت اور تعداد میں اضافے کا سبب... اور امر بالمعروف (نیکی کا حکم دینے) کو عام لوگوں کی مصلحت کے لیے مقرر فرمایا، سماجی ہم آہنگی اور امن کا دارومدار انصاف، رشتہ داریوں کے احترام اور اجتماعی اصلاح پر ہے۔ امر بالمعروف و نہی عن المنکر پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ برائی عام نہ ہو۔

مولانا نقی مھدی زیدی نے کہا کہ: اہلِ بیت علیہم السلام کی اطاعت و امامت کو امت کے نظم و نسق اور تفرقہ سے تحفظ کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے چنانچہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے فرمایا "وَطَاعَتَنَا نِظَامًا لِلْمِلَّةِ، وَإِمَامَتَنَا أَمَانًا مِنَ الْفُرْقَةِ"، اور ہماری اطاعت کو ملت کے نظام کا ذریعہ اور ہماری امامت کو تفرقے سے امان کا سبب بنایا، یعنی خطبہ کے مطابق دین کی اصل راہنمائی اور فکری و عملی وحدت اہلِ بیت علیہم السلام کے ساتھ جڑے رہنے میں مضمر ہے؛ ان سے دوری امت کو انتشار اور اختلاف کا شکار بناتی ہے۔

امام جمعہ تاراگڑھ اجمیر نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی شخصیت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 27 سال کی عمر میں اجتہاد کا بلند مقام حاصل کر لیا تھا، نجف اشرف میں آیت اللہ سید عبدالہادی شیرازیؒ، آیت اللہ سید محسن حکیمؒ اور آیت اللہ سید ابوالقاسم خوئیؒ جیسے بزرگ علماء سے کسب فیض کیا اور اسی دوران تدریس و تربیت کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی شخصیت صرف فقہ و اصول کے علمی مقام تک محدود نہیں تھی، بلکہ قرآن کریم سے گہرا تعلق اور اہل بیتؑ سے بے پناہ عقیدت ان کی نمایاں خصوصیات تھیں، اور حضرت صدیقۂ طاہرہ فاطمہ زہراؑ کی مجالسِ عزاء سے والہانہ وابستگی آپؒ کی حیاتِ مبارکہ کا نمایاں وصف رہی،‌

حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی رحلت نہ صرف آپ کے خاندان اور اہلِ خانہ، بلکہ حوزہ ہائے علمیہ، علماء و فضلاء اور دنیا بھر میں مکتبِ اہل بیت علیہم السلام سے وابستہ افراد کے لیے ایک عظیم سانحہ اور ناقابلِ تلافی علمی نقصان ہے آپ کی رحلت سے حوزہ ہائے علمیہ ایک جلیل القدر فقیہ، محقق اور استاد سے محروم ہوگئے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha