ہفتہ 21 نومبر 2026 - 16:23
رزق اللہ تعالیٰ کے ذمہ ہے، انسان کی ذمہ داری حلال کوشش اور اللہ پر توکل ہے؛ مولانا ناصر عباس جعفری

حوزہ/ بارگاہ آل محمدؑ، جمہوریہ کانگو میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے مولانا ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر مخلوق کے رزق کی ذمہ داری اپنے ذمے لی ہے، انسان کی ذمہ داری حلال روزی کے لیے کوشش اور اللہ پر توکل کرنا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بارگاہ آل محمدؑ، جمہوریہ کانگو (وسطی افریقہ) میں نمازِ جمعہ کے خطبے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ناصر عباس جعفری نے سورۂ ہود کی آیت نمبر 6 کی روشنی میں رزقِ الٰہی، توکل اور انسانی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رزق اللہ تعالیٰ کے ذمہ ہے، تاہم انسان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حلال ذرائع سے روزی حاصل کرنے کے لیے کوشش کرے اور ہر حال میں اللہ پر بھروسہ رکھے۔

انہوں نے سورۂ ہود کی آیت نمبر 6 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے زمین پر چلنے پھرنے والی ہر مخلوق کے رزق کی ذمہ داری اپنے ذمے لی ہے اور وہ ہر جاندار کے مستقل و عارضی ٹھکانے سے بھی پوری طرح واقف ہے۔ اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ کائنات کی کوئی مخلوق اللہ کے علم اور اس کی رحمت سے باہر نہیں۔

مولانا ناصر عباس جعفری نے وضاحت کی کہ اللہ تعالیٰ کا رازق ہونا انسان کو محنت اور کوشش سے بے نیاز نہیں کرتا، بلکہ انسان کو چاہیے کہ وہ حلال روزی کے حصول کے لیے جدوجہد کرے اور نتائج اللہ تعالیٰ کے سپرد کرے۔

رزق اللہ تعالیٰ کے ذمہ ہے، انسان کی ذمہ داری حلال کوشش اور اللہ پر توکل ہے؛ مولانا ناصر عباس جعفری

انہوں نے رزق کی دو اقسام، رزقِ طلبی اور رزقِ وہبی، کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ رزقِ طلبی وہ ہے جس کے حصول کے لیے انسان کو محنت و کوشش کرنا پڑتی ہے، جبکہ رزقِ وہبی اللہ تعالیٰ کی جانب سے عطا ہونے والی ان نعمتوں کو کہا جاتا ہے جن کے حصول میں انسان کی براہِ راست کوشش شامل نہیں ہوتی، جیسے بارش، ہوا اور دیگر قدرتی نعمتیں۔

انہوں نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے کلام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نہج البلاغہ میں ارشاد ہے: «يَا بْنَ آدَمَ، الرِّزْقُ رِزْقَانِ: رِزْقٌ تَطْلُبُهُ وَرِزْقٌ يَطْلُبُكَ، فَإِنْ لَمْ تَأْتِهِ أَتَاكَ» یعنی اے فرزندِ آدم! رزق دو قسم کا ہے؛ ایک وہ جسے تم تلاش کرتے ہو اور دوسرا وہ جو تمہیں تلاش کرتا ہے۔ اگر تم اس کے پاس نہ جاؤ تو وہ تمہارے پاس آ جائے گا۔

مولانا جعفری نے کہا کہ انسان اکثر رزق کی فکر میں اس قدر پریشان ہو جاتا ہے کہ اپنی عبادت، نماز اور ذہنی سکون کو بھی نظرانداز کر دیتا ہے۔ اسے کاروبار، ملازمت اور معاشی حالات کی فکر لاحق رہتی ہے، حالانکہ اللہ تعالیٰ نے ہر مخلوق کے رزق کا انتظام فرمایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رزق کی فراہمی میں تاخیر کو اللہ کی رحمت سے مایوسی کا سبب نہیں بنانا چاہیے۔ انسان کو حلال طریقے سے اپنی کوشش جاری رکھتے ہوئے اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ رکھنا چاہیے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے اس قرآنی تعلیم کی طرف توجہ دلائی کہ اللہ تعالیٰ ہر مخلوق کے رزق، حالات اور ٹھکانے سے باخبر ہے؛ لہٰذا کسی غریب یا کمزور مخلوق کو حقیر نہیں سمجھنا چاہیے اور زندگی کے ہر مرحلے میں اللہ تعالیٰ کی رحمت اور رزاقیت پر یقین رکھنا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha