حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیاتِ طیبہ، سیرت و کردار سے بچوں اور نوجوانوں کو روشناس کرانے اور ان میں اہل بیت علیہم السلام کی محبت اور دینی و اخلاقی اقدار کو فروغ دینے کے لیے کولکاتا، مغربی بنگال میں ایک خصوصی دینی و ثقافتی پروگرام منعقد کیا گیا۔
اس پروگرام کا انعقاد حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا رضوان السلام خان اور حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا طیب علی انصاری کی سرپرستی اور نگرانی میں کیا گیا، جس میں بچوں اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
پروگرام میں تلاوتِ قرآن کریم، پردہ خوانی، تقریری مقابلے، مصوری، رنگ بھرنے کے مقابلے، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیاتِ مبارکہ پر گفتگو اور فاطمی کوئز سمیت مختلف دینی، تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، فضائل و مناقب، اخلاقی خصوصیات اور اسلام میں آپ کے بلند مقام کو اجاگر کیا گیا۔ فاطمی کوئز کے ذریعے شرکاء کو آپ کی زندگی اور اسلامی تاریخ کے بارے میں اپنی معلومات میں اضافہ کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔
پروگرام کے اختتام پر مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والے بچوں اور نوجوانوں میں انعامات اور تحائف تقسیم کیے گئے، تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ دینی و تعلیمی سرگرمیوں میں مزید دلچسپی لیں۔
آخر میں حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی صحت و سلامتی اور طولِ عمر کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس کے بعد حاضرین میں تبرک تقسیم کیا گیا۔
اس پروگرام کا بنیادی مقصد نئی نسل کے دلوں میں اہل بیت علیہم السلام کی محبت، دینی شعور اور اخلاقی اقدار کو مستحکم کرنا اور انہیں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت و تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔










آپ کا تبصرہ