تحریر: مولانا مقداد علی علوی
حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور ائمہ معصومین علیہم السلام کی بارگاہِ اقدس میں، مادرِ وفا، حضرت اُمّالبنین سلام اللہ علیہا کے غم میں پرسہ و تعزیت پیش کرتے ہیں۔
خلاصہ
حضرت اُمّالبنین (سلام اللہ علیہا )، جن کا اصل نام فاطمہ بنت حِزام ہے، تاریخِ اسلام کی اُن معدودے چند خواتین میں سے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ ولایت اور اہلِ بیت (علیهم السلام ) کی خدمت و محبت کے لیے وقف کر دیا۔ وہ امیرالمؤمنین علی (علیہ السلام ) کی زوجہ اور حضرت عباس (علیہ السلام ) کی والدہ ہیں۔ اُن کی شخصیت کا سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ اُنہوں نے اپنے چار بیٹوں کی شہادت پر بھی امام حسین (علیہ السلام ) کی سلامتی کو ترجیح دی، جو اُن کی گہری بصیرت اور ولایت مداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
نسب کے گلشن میں شخصیت کا پھول
حضرت اُمّالبنین کا تعلق قبیلہ بنی کلاب سے تھا، جو اپنی شجاعت اور دلیری کے لیے مشہور تھا اور رسول اللہ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ) کے اجداد میں بھی شامل ہے ۔ اُن کے والد حِزام بن خالد اور والدہ ثمامہ یا لیلیٰ تھیں ۔ اِس خاندانی پس منظر نے اُن کی شخصیت میں وہ بے پناہ ہمت اور صبر و استقامت پیدا کی جس کا مظاہرہ بعد میں کربلا کے بعد کے واقعات میں ہوا۔
امیرالمؤمنین (علیہ السلام ) نے حضرت فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا ) کی شہادت کے بعد اپنے بھائی عقیل (جو نسب شناس تھے) کے مشورے سے اِس خاتون سے شادی کی، تاکہ ایسی اولاد حاصل ہو جو اسلام کی بقا کے لیے میدانِ کربلا میں امام حسین (علیہ السلام ) کی مدد کر سکے ۔
تصوّرِ ایثار کی زندہ تصویر
حضرت اُمّالبنین کی شخصیت کا سب سے حسین پہلو اُن کا وہ ایثار ہے جو اُنہوں نے اپنے سوتیلے بچوں (حضرت فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا ) کی اولاد) کے لیے دکھایا۔ تاریخ گواہ ہے کہ اُنہوں نے کبھی اپنے بیٹوں کو امام حسن (علیہ السلام ) اور امام حسین (علیہ السلام ) پر ترجیح نہیں دی ۔
ایک انتہائی اہم واقعہ اُن کی گہری بصیرت کو ظاہر کرتا ہے: اُنہوں نے شادی کے بعد امیرالمؤمنین (علیہ السلام ) سے گزارش کی کہ اُنہیں "فاطمہ" کے نام سے نہ پکاریں، تاکہ حضرت زہرا (سلام اللہ علیہا ) کے بچے اپنی والدہ کی یاد میں مضطرب نہ ہوں ۔ یہ ایک ایسی مثال ہے جس کی نظیر تاریخِ انسانی میں شاذ و نادر ہی ملتی ہے کہ ایک سوتیلی ماں اپنی شناخت ہی اِس لیے بدل دے تاکہ شوہر کی پہلی بیوی کے بچوں کے جذبات مجروح نہ ہوں۔
بعد از کربلامبلغۂ ولایت
اگرچہ حضرت اُمّالبنین کربلا میں موجود نہیں تھیں، لیکن بعد از کربلا مبلغۂ ولایت کا کردار اُنہی کا تھا — مرثیہ خوانی سے لے کر صبر کے پیغام تک، ہر لمحہ ولایت کی تبلیغ
جب مدینہ میں اُنہیں اُن کے چاروں بیٹوں کی شہادت کی خبر دی گئی، تو اُن کا پہلا سوال یہ تھا: "حسین (علیہ السلام ) کا کیا ہوا؟" ۔ جب اُنہیں امام حسین (علیہ السلام ) کی شہادت کی خبر ملی تو اُنہوں نے وہ تاریخی جملہ فرمایا:
"اے کاش! میرے اور بھی بیٹے اس روئے زمین پر موجود ہوتے حتی ہر چیز حسین (علیہ السلام ) پر قربان کر دیتی اور حسین زندہ رہتے" ۔
یہ جملہ صرف ایک ماں کا نہیں، بلکہ ایک ایسی عارفہ اور ولایت شناس خاتون کا ہے جو امامِ وقت کی حرمت کو اپنی اولاد سے بڑھ کر جانتی تھیں۔ اِس کے بعد اُنہوں نے اپنے پوتے عبیداللہ کے ہمراہ مدینہ کے قبرستان بقیع میں جا کر اپنے بیٹوں، خصوصاً حضرت عباس (علیہ السلام ) کے لیے ایسے سوزناک مرثیے پڑھے کہ خود مروان بن حکم جیسا سنگدل شخص بھی رونے پر مجبور ہو جاتا ۔ اُن کی شاعری اور مرثیہ خوانی نے کربلا کی مظلومیت کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
زبان میں درد، قلم میں ولایت
حضرت اُمّالبنین سلام اللہ علیہا صرف ایک صابرہ و شاکرہ ماں ہی نہیں تھیں، بلکہ وہ ایک فصیح و بلیغ شاعرہ اور ادیبہ بھی تھیں ۔ اُن کی شاعری میں دردِ جدائی کے ساتھ ساتھ سیاسی بصیرت بھی جھلکتی ہے، جس سے وہ ظالموں کے ظلم کو بے نقاب کرتی تھیں ۔
معراجِ روحِ وفا
تاریخی مصادر میں اُن کی تاریخِ وفات کے بارے میں اختلاف ہے، لیکن مشہور قول کے مطابق اُن کی زندگی کا چراغ 13 جمادی الثانی سنہ 64 ہجری کو گل ہوا ۔جب روحِ وفا اپنے معراج پر پہنچی، تو اُن کا جسمِ خاکی مدینہ کے قبرستان جنت البقیع میں مقیم ہوا، مگر اُن کی وفا کی خوشبو آج بھی کربلا کی فضا میں بسی ہوئی ہے۔»
نتیجہ
حضرت اُمّالبنین (سلام اللہ علیہا ) کی سیرت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ولایت کا تقاضا صرف زبانی دعوے سے نہیں، بلکہ اپنے جگر گوشوں کی قربانی دے کر بھی اپنے امامِ وقت کی حفاظت کرنا ہے۔ اُنہوں نے ثابت کیا کہ ایک خاتون اپنے مادری جذبات کے باوجود، دین اور امامِ وقت کی خاطر وہ بھی گوارا کر سکتی ہے جس کا تصور عام انسان نہیں کر سکتا۔ اِسی لیے آج بھی اُن کا نام "مادرِ وفا" کے طور پر لیا جاتا ہے اور اُن کی قبر بقیع میں اہلِ ایمان کے لیے زیارت گاہ ہے۔
دعائیہ کلمات
پروردگارا، ہمیں اور ہم نسلوں میں ان ہستیوں کے لیے شمعِ وفا روشن رکھ اور تا وقت آفتاب غروب زندگی ان کی ولایت پر قائم رکھ!










آپ کا تبصرہ