اتوار 22 نومبر 2026 - 13:41
علامہ طباطبائی کے فکری نظام میں قرآن، برہان اور عرفان کا حسین امتزاج؛ کراچی میں علمی و تحقیقی کانفرنس کا انعقاد

حوزہ / مرکز پژوهشی نمائندگی پاکستان کے زیرِ اہتمام علامہ محمد حسین طباطبائی (رہ) کے افکار و نظریات پر علمی و تحقیقی کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں طلبہ، علماء اور مختلف دانشوروں نے قرآن کریم، برہان اور عرفان کے باہمی تعلق اور علامہ طباطبائی (رہ) کے علمی و فکری آثار کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 21 نومبر 2026ء کو امام خمینی ہال، جامعۃ المصطفیٰ کراچی میں منعقدہ اس کانفرنس کا مرکزی عنوان ’’علامہ طباطبائی کے فکری نظام میں قرآن، برہان وعرفان کا باہمی ربط‘‘ تھا۔

علامہ طباطبائی کے فکری نظام میں قرآن، برہان اور عرفان کا حسین امتزاج؛ کراچی میں علمی و تحقیقی کانفرنس کا انعقاد

کانفرنس کے پہلے حصے میں کارشناسی ارشد (ایم فل) کے طلبہ نے علامہ محمد حسین طباطبائی (رہ) کے افکار و نظریات کے مختلف پہلوؤں پر اپنے تحقیقی مقالات کے خلاصے پیش کیے۔ اس نشست میں ساجد علی سنوی نے ’’علامہ طباطبائی (رہ) کی فکر و نظر میں قرآن کریم کا تعارف‘‘، عارف حسین صابری نے ’’علامہ طباطبائی (رہ) کے علمی و فکری آثار کا جائزہ‘‘ جبکہ سید حسنین موسوی نے ’’تفسیر المیزان کا تجزیاتی و توضیحی مطالعہ‘‘ کے موضوعات پر اپنے تحقیقی کام کے اہم نکات اور نتائج پیش کیے۔

جامعۃ المصطفیٰ کراچی میں علمی کانفرنس کا انعقاد / علامہ طباطبائی (رہ) کے علمی و فکری آثار کی تبیین

کانفرنس کے دوسرے حصے میں علماء اور علمی شخصیات نے مرکزی موضوع اور علامہ طباطبائی (رہ) کی علمی و فکری خدمات کے مختلف پہلوؤں پر خطاب کیا۔ اس نشست سے حجۃ الاسلام شیخ محمد حسن صلاح الدین، علامہ علی نقی ہاشمی اور ڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے اظہارِ خیال کیا۔

کانفرنس کے تیسرے حصے میں کتاب ’’افکار و آثار علامہ محمد حسین طباطبائی‘‘ کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔ کتاب کی رونمائی مدیر جامعۃ المصطفیٰ کراچی سید عمار ہمدانی، استاد محمد حسن صلاح الدین اور ڈاکٹر زاہد علی زاہدی کے دستِ مبارک سے عمل میں آئی۔

جامعۃ المصطفیٰ کراچی میں علمی کانفرنس کا انعقاد / علامہ طباطبائی (رہ) کے علمی و فکری آثار کی تبیین

تقریب کے اختتام پر مدیر جامعۃ المصطفیٰ کراچی سید عمار ہمدانی نے تمام مہمانوں، مقررین اور شرکائے کانفرنس کا شکریہ ادا کیا۔

قابل ذکر ہے کہ یہ علمی و تحقیقی کانفرنس علامہ محمد حسین طباطبائی (رہ) کے افکار و آثار کو متعارف کرانے، ان کے فکری و فلسفیانہ نظام کے مختلف پہلوؤں پر علمی مکالمے کو فروغ دینے اور نئی نسل کو ان کی علمی میراث سے روشناس کرانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار پائی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha