حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے سازمان فرہنگ و ارتباطات اسلامی کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مہدی ایمانی پور نے انہوں نے ہندوستان کے معروف ٹیلی ویژن چینل ’’نیوز ایکس‘‘ (News X) کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جنگ میں نہ صرف فوجی محاذ پر بلکہ میڈیا، نفسیاتی اور شناختی جنگ میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کے مطابق مغربی ذرائع ابلاغ ایران کے بارے میں جو تصویر پیش کر رہے ہیں، وہ زمینی حقائق سے مختلف ہے اور اس کا مقصد ایرانی معاشرے کی حقیقت کو مسخ کرنا ہے۔
حجۃالاسلام ایمانی پور شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمے کے اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچے تھے۔ انٹرویو میں انہوں نے ایران اور ہندوستان کے تاریخی تعلقات، فارسی زبان و ادب، ثقافتی سفارت کاری اور موجودہ حالات میں ایران کی صورت حال پر گفتگو کی۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان صدیوں پرانے تاریخی اور ثقافتی تعلقات موجود ہیں۔ ہندوستان کے مختلف علاقوں میں ایرانی تہذیب کے آثار اور ہندوستانی شاعری و ادب پر فارسی زبان کے اثرات آج بھی ان تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتے ہیں۔ ان مشترکات کو بنیاد بنا کر دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے نوجوان نسل کے درمیان ایک دوسرے کے بارے میں معلومات اور براہ راست رابطوں کی کمی کو اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے نوجوانوں، دانشوروں، اساتذہ، فنکاروں اور علمی شخصیات کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔
مغربی میڈیا کی جانب سے ایران کی منفی تصویر پیش کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہندوستانی صحافیوں اور دانشوروں کو ایران کا دورہ کرنا چاہیے تاکہ وہ وہاں کے حالات کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں اور حقیقت پر مبنی خبریں اپنے عوام تک پہنچا سکیں۔ ان کے مطابق ایران میں زندگی معمول کے مطابق جاری ہے اور ملک سائنس، ثقافت، کھیل اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کر رہا ہے۔
ایمانی پور نے میڈیا وار اور نفسیاتی جنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات یہ جنگیں فوجی جنگ سے بھی زیادہ اہم ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں مختلف نظریات اور آرا رکھنے والے افراد موجود ہیں، لیکن بیرونی خطرات کے مقابلے میں عوام اپنے ملک کے دفاع کے لیے متحد ہیں۔
انہوں نے ایران کی قومی اور اسلامی شناخت کو ایک دوسرے سے جڑا ہوا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام اپنے مذہبی عقائد کے ساتھ اپنی قدیم تہذیب اور ثقافتی ورثے سے بھی گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں تاریخی اور عالمی ورثے میں شامل ایرانی آثار کو نقصان پہنچانے پر تنقید کی اور اسے جنگی جرم قرار دیا۔
انہوں نے ایران کی سائنسی ترقی، جدید ٹیکنالوجی اور خواتین کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کامیابیوں کو بھی عالمی سطح پر مناسب انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
آخر میں حجۃالاسلام ایمانی پور نے کہا کہ ایران شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور ہندوستان کے ساتھ ملاقاتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سابقہ ثقافتی معاہدوں پر عمل درآمد، مشترکہ ثقافتی و فنکارانہ پروگراموں کے انعقاد اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ایران شناس ماہرین، فارسی زبان کے اساتذہ اور ہندوستان میں مقیم ایرانیوں سے ملاقات کو بھی اپنے دورے کے اہم پروگراموں میں شامل قرار دیا۔










آپ کا تبصرہ