اتوار 22 نومبر 2026 - 18:04
آیت اللہ وحید خراسانی نے عزائے فاطمیہ کو ایک عالمی تحریک اور مکتب میں تبدیل کیا: مولانا مراد رضا رضوی

حوزہ/ مدرسہ سلیمانیہ، عظیم آباد میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی قدس سرہ کے سانحۂ ارتحال پر تعزیتی جلسہ منعقد ہوا، جس میں علمائے کرام نے ان کی علمی و دینی خدمات اور تحریکِ عزائے فاطمیہ کے فروغ میں ان کے نمایاں کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پٹنہ/ مجلس علمائے خطبائے امامیہ بہار اور ادارہ محبان ام الائمہ علیہم السلام کے باہمی تعاون سے فخرِ انسانیت، شیدائے فاطمیت، فقیہِ اعظم، شیخ الفقہاء والمجتہدین اور استاد الفلاسفہ والمتکلمین آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی قدس سرہ کے سانحۂ ارتحال پر عظیم آباد کے قدیم مدرسہ سلیمانیہ میں تعزیتی جلسے اور مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے بزرگ علمائے کرام اور مؤمنین نے شرکت کرکے فقیہِ اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر پروگرام کے روحِ رواں اور مجلس علمائے خطبائے امامیہ کے جنرل سکریٹری، مدرسہ سلیمانیہ کے سابق پرنسپل مولانا امانت حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرحوم آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی ایامِ عزائے فاطمیہ کے بانی اور اس تحریک کے اہم ترین علم بردار تھے۔ انہوں نے ایامِ فاطمیہ کو رواج دے کر مظالم کو بے نقاب کیا اور دنیا بھر میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا جذبہ پیدا کیا۔

شیعہ مسجد باولی پٹنہ کے امام جمعہ و جماعت مولانا مظفر رضا نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی وفات عالمِ انسانیت کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے، کیونکہ کسی عالم کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد جو علمی و فکری خلا پیدا ہوتا ہے، اس کا پُر ہونا آسان نہیں ہوتا؛ چہ جائے کہ ایسی عبقری شخصیت رخصت ہو جائے جس نے تحریکِ فاطمیہ کے ذریعے دشمن شناسی اور حق و باطل کی پہچان کا درس دیا۔

مدرسہ سلیمانیہ کے سابق پرنسپل اور بزرگ عالم دین مولانا سید اسد رضا نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی زندگی کا ایک اہم مقصد عزائے فاطمیہ کی ترویج و اشاعت تھا۔ انہوں نے نہایت انہماک، اخلاص اور ولولے کے ساتھ اس مقصد کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردیں۔ یہاں تک کہ بظاہر مرجعیت کے روایتی وقار سے ہٹ کر پابرہنہ سڑکوں پر نکلے اور جلوسِ فاطمی کے فروغ کے لیے عملی طور پر میدان میں آئے۔

آخر میں مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مراد رضا رضوی نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی قدس سرہ کی شخصیت کے مختلف علمی، فکری اور روحانی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی نے ایامِ فاطمیہ کو محض ایک رسمی عزاداری کے بجائے ایک تحریک اور مکتب کی صورت عطا کی اور یہ ثابت کیا کہ ایامِ عزائے فاطمیہ اختلاف کا نہیں، بلکہ وحدت و اتحاد کا ذریعہ ہیں۔ اس کی بہترین مثال اس سال درگاہ دیوان شاہ ارزانی میں منعقد ہونے والے فاطمیہ کے پروگرام میں ایک بار پھر دیکھنے کو ملی، جہاں اس مناسبت سے منعقدہ اجتماعات نے دلوں کو جوڑنے اور باہمی اتحاد کو فروغ دینے کا کام کیا۔ یہ سب آیت اللہ وحید خراسانی کی تحریک کے اثرات ہیں۔

مولانا مراد رضا رضوی نے مزید بتایا کہ سنہ 2000ء میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی قدس سرہ کے تاریخی جلوسِ فاطمی میں شرکت سے متاثر ہوکر ہی ادارہ محبان ام الائمہ علیہم السلام کی بنیاد رکھی گئی تھی، جو آج بحمداللہ ترقی اور وسعت کے مراحل طے کر رہا ہے۔

انہوں نے ایک اہم غلط فہمی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فقیہِ فقید آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی، رہبرِ شہید امام خامنہ ای قدس سرہ کے استاد نہیں تھے، بلکہ رہبرِ جدید امام سید مجتبیٰ خامنہ ای کے استاد تھے۔ وہ ان کے نہایت قوی اور گہرے اساتذہ میں شمار ہوتے ہیں۔ معنویت اور سیر و سلوک کے میدان میں بھی امام مجتبیٰ خامنہ ای نے انہی سے کسبِ فیض کیا ہے۔ مولانا نے کہا کہ یہ حقیقت ان تمام غلط فہمیوں اور بے بنیاد تصورات کی نفی کرتی ہے جن کے ذریعے رہبرِ شہید اور فقیہِ فقید کے درمیان اختلاف کا تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی۔

اپنے خطاب کے اختتام پر مولانا مراد رضا رضوی نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے تشییعِ جنازہ میں عوام کی غیر معمولی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے جناب سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مظلومانہ تشییعِ جنازہ اور کربلا میں امام حسین علیہ السلام کے پیکرِ اطہر کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کے مصائب بیان کیے۔

تعزیتی جلسے اور مجلسِ عزا میں کثیر تعداد میں مؤمنین نے شرکت کی۔ شرکائے مجلس میں مولانا حسین احمد، مولانا شمشاد علی، مولانا دلبر رضا، مولانا ثمر عباس، پروفیسر عباس اور خضر حسین کے نام قابلِ ذکر ہیں۔

جلسے کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت مدرسہ کے طالب علم وارث رضا نے حاصل کی۔ اس موقع پر انچارج پرنسپل مولانا ثمر عباس نے بھی تلاوتِ قرآن کریم کے ذریعے مرحوم فقیہِ اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha