بی ایس ایف میں کانسٹیبل محمد انیس کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل ، انسپکٹر جنرل اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل سبھی میری بہت مدد کررہے ہیں ۔ میں بی ایس ایف فیملی کا رکن ہونے پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں ۔
دہلی تشدد میں سب کچھ گنوانے والے جوان انیس کو بی ایس ایف نے دی 10 لاکھ روپے کی مدد ، گھر کی بھی کروائے گی مرمت
قومی راجدھانی دہلی میں واقع شمال مشرقی دہلی کے کھجوری خاص میں تشدد کے دوران بارڈر سیکورٹی فورس ( بی ایس ایف ) کے جس جوان کا گھر بھیڑ نے جلا دیا تھا ، انہیں بی ایس ایف کے آئی جی نے 10 لاکھ روپے کی مدد کی ہے ۔ پیر کو دہلی میں واقع بی ایس ایف ہیڈ کوارٹر میں آئی جی ڈی کے اپادھیائے نے محمد انیس کو 10 لاکھ روپے کا چیک سونپا ۔ یہی نہیں بی ایس ایف انیس کے گھر کا مرمت بھی کروائے گی ۔
قبل ازیں اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے اتوار کو بی ایس ایف کے سپاہی کو 10 لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا تھا ۔ پٹنائک نے وزیر اعلی ریلیف فنڈ سے کانسٹیبل کیلئے 10 لاکھ روپے منظور کئے ہیں ۔ فی الحال انیس چھٹی لے کر اوڈیشہ سے اپنے گھر دہلی لوٹ آئے ہیں ۔ وہ اوڈیشہ کے ملکان گری ضلع میں نکسل متاثرہ ضلع میں تعینات بی ایس ایف کی نویں بٹالین میں کام کررہے ہیں ۔
وہیں بی ایس ایف میں کانسٹیبل محمد انیس نے صحافیوں کو بتایا کہ بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل ، انسپکٹر جنرل اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل سبھی میری بہت مدد کررہے ہیں ۔ میں بی ایس ایف فیملی کا رکن ہونے پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں ۔
قابل ذکر ہے کہ انیس نے پیرا ملیٹری فورس میں اپنا کیریئر سال 2013 میں شروع کیا اور تقریبا تین سالوں تک جموں و کشمیر میں تعینات رہے ۔ انیس کے 55 سالہ والد محمد منیس ، 59 سالہ چچا محمد احمد اور 18 سالہ چچا زاد بہن نیہا پروین تشدد والے دن گھر میں ہی تھے ۔ تاہم تشدد والے دن کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے خطرہ کے پیش نظر وہ کسی طرح سے اپنے گھر سے باہر نکلے اور پھر پیرا ملیٹری فورس نے ان کی مددکی ۔
بھیڑ کے ذریعہ تشدد میں اپنا سب کچھ گنوا چکے انیس کے گھر میں سال رواں اپریل اور مئی میں شادی بھی ہے ۔ بی ایس ایف نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ شادی میں بھی انیس کی مدد کرے گی ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بی ایس ایف اپنے جوان کو شادی کے تحفہ کی شکل میں پانچ لاکھ روپے بھی دے گی۔