۱۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 30, 2024
سید تمجید حیدر

حوزہ/دنیا میں عالموں کے برابر کوئی نہیں؛نتیجۂ فکر:سید تمجید حیدر۔

حوزہ نیوز ایجنسیl

عالم کی ذات عالم انسانیت کی جاں
عالم کی ذات جوہر خلقت کی ترجماں
عالم کی ذات فہم و تفہم کا آسماں
عالم کی ذات حکمت معبود کا نشاں
حق ساز و حق شناس کو عالم کہا گیا
اسلام کی اساس کو عالم کہا گیا

عالم کی زندگی میں ہے سب کے لئے حیات
عالم کے دم سے چلتی ہے یہ نبض کائنات
عالم کی پیروی میں ہے ہر قوم کی نجات
عالم میں انبیاء کے نظر آتے ہیں صفات
عالم کی روح شاد تو ہے نفس مطمئن
عالم ہے ایک، أفضل من الف عابدٍ

حق آشنا ہیں اور علما دین کا وقار
نائب خدا کے اور ہیں نبیوں کے ورثہ دار
انکو فنا نہیں ہے جو ہیں حق کے پاسدار
باقی رہینگے، ما بقی الیل والنہار
عالم اگر ہو زندہ تو روشن چراغ ہے
عالم کی موت قلب زمانہ پہ داغ ہے

عالم ہے کیا یہ باب فصاحت میں دیکھئے
تقوہ کو اس کے باب اطاعت میں دیکھئے
اس کا مقام باب عبادت میں دیکھئے
هَلْ یَسْتَوِی الَّذِینَ کی آیت میں دیکھئے
قرآن کہہ رہا ہے سراسر کوئی نہیں
دنیا میں عالموں کے برابر کوئی نہیں

عالم اک ایسا ابھرا ہمارے زمان میں
ایسا جو بے نظیر تھا سارے جہان میں
اسلام ڈھل گیا تھا وہ جس کی زبان میں
اک رنگ انقلاب تھا اس کی اذان میں
اس کے سبب ہی دین یہاں نامور بنا
ایران ایک مرکز علم و ہنر بنا

پھیلایا جس نے حرف عدالت کو ہر طرف
وہ جس نے قم میں کھول دیا تھا در نجف
جب حق کی بات آئی تو نکلا جو سربکف
آئے جوان جس کی حمایت میں صف بصف
دنیا میں جس کو سچا حسینی کہا گیا
حق کی لغت میں اس کو خمینی کہا گیا

نتیجۂ فکر:سید تمجید حیدر

تبصرہ ارسال

You are replying to: .