۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
محمد ابراہیم نوری

حوزہ/بہت اونچا کیا روحانیت کا سر خمینیؒ نے؛نتیجۂ فکر:محمد ابراہیم نوری

حوزہ نیوز ایجنسیl
بصیرت کے دکھا کر منفرد جوہر خمینی نے
کیا ہے حق پرستوں کے دلوں میں گھر خمینی نے

اکھارا جڑ سے یوں نخل غرور و شر خمینی نے
کہ کھولا انقلابیت کا اک دفتر خمینی نے

براے انقلاب حق جوار بنت کاظم میں
بنایا فیضیہ کو مرکز و محور خمینی نے

شہنشاہی غلامی  سے چھڑا کر ملک ایراں کو
کیا ایران کو اسلام کا خوگر خمینی نے

نکل کر خانقاہوں سے ادا کر رسم شبیری
کیا بیدار امت کو یہی کہہ کر خمینی نے

الٹ کے رکھ دیا تختہ شہنشاہی حکومت کا
مدد تسبیح و سجدہ گاہ سے لے کر خمینی نے

بھلا کیوں کر نہ ڈالے دشمنوں کی آنکھ میں آنکھیں
نکالا اہل ایراں کے دلوں سے ڈر خمینی نے

مطیع شاہ کربل نے نہیں کی شاہ کی بیعت
کہ رکھا تخت شاہی اپنی ٹھوکر پر خمینی نے

اولی الابصار عالم کو شہیدوں کے سہارے سے
دکھایا انفجار نور کا منظر خمینی نے

"نگاہ مرد مومن سے بدل جاتی ہیں تقدیریں"
یہ ثابت کر دکھایا مومن اکبر خمینی نے

جو کہتے تھے کہ عالم کو سیاست ہی نہیں آتی
لگائی مھر ان سب کی زبانوں پر خمینی نے

صدا گونجی تھی "ان الباطل کان زھوقا" کی
چلایا تھا رگ باطل پہ جب خنجر خمینی نے

کیا آزاد امت کو غلامانہ تفکر سے
کہ بخشا فطرس فکر و نظر کو پر خمینی نے

غرور بادشاہت مٹ گیا بائیس بہمن کو
کیا نافذ نظام مکتب جعفر(ع) خمینی نے

زبان حال سے یہ کہہ رہا ہے ہفتۂ وحدت
دیا پیغام وحدت کا سر منبر خمینی نے

نہیں بھولے گا درس انقلاب حق کبھی ایراں
کرایا یہ سبق ایران کو ازبر خمینی نے

چراغ انقلاب حق جلا کر برسر ایراں
طیور فکر شاہی کے جلائے پر خمینی نے

یہ معمولی جھلک تھی انقلاب مہدئ دیں کی
یہ بتلایا حقیقی منتظر بن کر خمینی نے

بقائے انقلاب حق کی خاطر حق پسندوں کو
علئ خامنہ ای سا دیا رہبر خمینی نے

یقیناً عالم روحانیت مقروض ہے انکا
بہت اونچا کیا روحانیت کا سر خمینی نے
.
سیاست کو جدا دیں سے نہیں ہونے دیا نوری
کہا تھا،کر دکھایا یہ بھی شیر نر خمینی نے

نتیجۂ فکر: محمد ابراہیم نوری

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .