اتوار 30 اگست 2020 - 18:08
ساری دنیا مظلوم کربلا پر گریاں

حوزہ/ اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں عاشورائے حسینی مذہبی اور حسینی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ اس سال عاشورائے حسینی ایسی حالت میں منایا گیا کہ پوری دنیا کورونا کی موذی وبا میں گرفتار ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کربلائے معلی میں میڈیکل پروٹوکول کے ساتھ یوم عاشورہ منایا گیا اور روضۂ حسینی اور اس کے اطراف کی سڑکوں اور شاہراہوں پر بڑی تعداد میں ماتمی دستے سید الشہدا اور آپ کے اصحاب باو وفا کی یاد میں سینہ کوبی کرتے رہے اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

کربلائے معلی میں نماز صبح کے بعد یوم عاشورہ کی عزاداری کا باقاعدہ آغاز ہوا اور مقتل خوانی کی روایتی مجالس پربا کی گئیں۔ مقتل خوانی کے بعد جلوس ہائے عزا برآمد کیے گئے جس میں شریک عزاداروں نے وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق ماسک اور دستانے پہن رکھے تھے۔ عراق کے دیگر شہروں نجف اشرف، کاظمین شریفین، سامرہ اور کوفے میں بھی عزاداری سید الشہدا علیہ السلام کا سلسلہ پورے دن جاری رہا، جس کے دوران مقتل خوانی کی مجالس پرپا کی گئیں اور جلوس ہائے عزا برآمد کیے گئے۔

عراقی حکومت نے اس موقع پر سکیورٹی کے کڑے انتظامات کیے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران بھی یوم عاشور کے موقع پر سیاہ پوش ہے اور ملک کے تمام شہروں اور قریوں میں وزارت صحت کے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق مجالس عزا برپا ہوئیں اور جلوس ہائے عزا برآمد کیے گیے ہیں۔ اس سال کورونا کی وجہ سے عزاداری کے اجتماعات امامبارگاہوں اور مساجد کے بجائے کھلی فضا میں منعقد کیے گئے اور ان میں بھی سماجی فاصلے کا پورا خیال رکھا گیا ہے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی ایران بھر میں عزاداروں نے نماز ظہر عاشورہ سڑکوں اور شاہراہوں پر ادا کی۔ مشہد مقدس میں بارگاہ علی ابن موسی الرضا علیہ السلام ، قم المقدسہ میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا، شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ، تہران میں حضرت امام زادہ صالح اور رے میں حضرت شاہ عبدالعظیم حسنی علیھم السلام کے روضوں سے متصل کھلے صحنوں میں ہزاروں ماتمی دستے میڈیکل پروٹوکول اور سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے داخل ہوئے اور مقررہ مدت تک نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے رہے۔

دارالحکومت تہران کے امام حسین (ع) اسکوائر پر عزاداری کا مرکزی اجتماع منعقد کیا گیا جس میں اطراف سے آنے والے چھوٹے بڑے جلوس بھی شامل ہو گئے۔ اس موقع مجلس عزا برپا کی گئی اور عزاداروں میں پیک تبرکات تقسیم کیے گئے۔

ہندوستان میں سپریم کورٹ کے حکم پر ملک کے اکثر علاقوں میں تعزیئے کے روایتی جلوس برآمد نہیں ہوئے، لیکن لوگوں نے اپنے گھروں میں شب عاشور شب بیداری کی اور گھروں میں عزاداری کا سلسلہ عاشور کو پورے دن جاری رہا۔

پاکستان، افغانستان، لبنان، شام، بحرین اور کویت سمیت دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی آج یوم عاشور منایا گیا۔ مذکورہ ممالک میں بعض شہروں میں مجالس عزا کے محدود اجتماعات کے بعد روایتی جلوس عزا بھی برآمد کیے گئے ۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha