حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے عاشورائے حسینی کی مناسبت سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ کربلا کا معرکہ حق و باطل کے درمیان معرکہ تھا ۔ ہم آج اسرائیل کو باطل سمجھتے ہیں اور اسے ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے عاشورائے حسینی کی مناسبت سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ کربلا کا معرکہ حق و باطل کے درمیان معرکہ تھا ۔ ہم آج اسرائیل کو باطل سمجھتے ہیں اور اسے ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ ہم ، ہماری تنظیم حزب اللہ لبنان اور اسلامی مزاحمتی محاذ اسرائیل کو غاصب اور باطل سمجھتے ہیں ۔ ہم اسرائیل کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔ ہم امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادی ممالک کو باطل پرست سمجھتے ہیں، ہم ان کی ریشہ دوانیوں کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے۔
سید حسن نصر اللہ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو امریکی اور اسرائیلی آلہ کار ممالک قراردیتے ہوئے کہا کہ یمن پر سعودی عرب اور امارات نے جنگ مسلط کرکے اپنا مکروہ اور بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے پیش کردیا اور ثابت کردیا کہ وہ امریکی اور اسرائیلی آلہ کار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ امارات اور سعودی عرب کے خفیہ تعلقات اب نمایاں ہورہے ہیں۔ منافقین کے چہروں سے اسلام کی نقاب اتر رہی ہے اور علاقائی عوام متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو کبھی معاف نہیں کریں گےکیونکہ سعودی عرب اور امارات کے حکام امریکہ اور اسرائیل کے نوکر ، غلام اور مزدور ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران آج دنیا اور خاص طور پر فلسطینی مظلوم عوام کے لئے امید کی کرن ہے۔ ایران حق کے محاذ کا علمبردار ہے کیونکہ ایران کربلا والوں کے راستے پر گامزن ہے ہم سر کٹا سکتے ہیں ہیں لیکن اس دور کی عالمی سامراجی اور یزیدی طاقتوں کے سامنے سر جھکا نہیں سکتے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے امارات کی ابرو کوبھی ختم کردیا ہے امارات نے اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے سلسلے میں جھوٹ بولا تھا کہ اسرائیل یہودی بستیوں کی تعمیر روک دے گا ، لیکن اسرائیلی وزیر اعظم نے کہہ دیا کہ وہ یہودی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رکھےگا اور اب وہ سعودی عرب اور امارات سے پیسہ لیکر یہودی بستیوں کی تعمیر کرےگا۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کے سازشی، ذلت آمیز اور منافقانہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم فلسطینیوں کے ساتھ تھے ، ہیں اور رہیں گے۔ سید حسن نصر اللہ نے کل رات اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام، ان کے اصحاب اور انصار کی پیروی پرفخر ہے ہم حسینی ہیں اور ہم ہر ظلم و ستم کا مقابلہ کرنے کے لئے آمادہ ہیں ۔ ہم سر کٹا سکتے ہیں لیکن باطل طاقتوں ، قوتوں اور اس دور کے یزیدیوں کے سامنے سر نہیں جھکا سکتے۔ ہمیں اللہ تعالی کے وعدوں اور اس کی مدد اور نصرت پر یقین ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم پیدائش سے لیکر زندگی آخری سانسوں تک حسین (ع) کے ساتھ ہیں۔ ہماری موت و حیات حسین بن علی علیھما السلام کے ساتھ ہے۔