حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے ہیلاں تحصیل پھالیہ میں شہیدِ ہیلاں کی رسم چہلم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر تکفیری گروہ ملک میں انتشار چاہتا ہے، فرقہ واریت کے نام پر مزید قتل و غارت گری قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملت تشیع پاکستان امن پسند قوم ہے، ہم نے ہر انتشار کے جواب میں امن کا پرچم بلند کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ سانحہ ہیلاں کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو گرفتار کرے، واقعہ کو 40 روز گزر چکے ہیں مگر تاحال قاتل گرفتار نہیں ہوئے جو انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔
علامہ اسدی نے کہا کہ پہلے انتظامیہ نے ہم سے 10 دن کا وقت مانگا تھا، اب ہم انتظامیہ کو 10 دن کا وقت دیتے ہیں، اگر ان 10 دنوں میں قاتل گرفتار نہ ہوئے تو ہمارا اگلا احتجاج کفن پوش ہو گا۔
علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں تمام شیعہ تنظیمیں ایک پیج پر ہیں، ہمارے درمیان کوئی اختلافات نہیں، تکفیری کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں، ہمیں جواب دینا آتا ہے، مگر ہم قانون کے راستے کو جائز سمجھتے ہیں، اس لئے وارننگ دیتے ہیں کہ پولیس 10 دن کے اندر اندر قاتلوں کو گرفتار کرلے، قاتلوں کی عدم گرفتاری پر ہم اپنا لائحہ عمل دیں گے جو ملت جعفریہ کی جانب سے ایک موثر ردعمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔