۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
شیعہ تنظیمیں پاکستان

حوزہ/ صوبائی حکومت اور ریاستی اداروں کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر پیدل چل کر جلوس عزاء میں شرکت کرنے والے عزاداروں پر قائم مقدمات کو بہت جلد واپس لیا جائیگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملت جعفریہ کی تنظیموں کا اجلاس شیعہ علماء کونسل کے صوبائی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ ناظر عباس تقوی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علی حسین نقوی، ذاکرین امامیہ کے صدر علامہ نثار احمد قلندری، ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ کے رہنما مولانا رضی حیدر زیدی، آئی ایس او کے رہنما عباس حیدر سمیت دیگر اکابرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں علامہ ناظر عباس تقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملت جعفریہ محب وطن ہیں، ہم نے ملک میں امن و استحکام کیلئے ہمیشہ تعاون کیا، وطن عزیز حساس صورتحال سے گزر رہا ہے، ملک دشمن عناصر بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک میں داخلی انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، اسرائیل و تکفیری ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانا چاہتے ہیں، جو کبھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی حالات کی سنگینی کو دیکھ کر ملت تشیع نے ہمیشہ غور و فکر و تدبر سے کام لیا اور ملکی موجودہ صورتحال دیکھتے ہوئے تمام شیعہ جماعتوں نے یہ فیصلہ کیا کے سندھ بھر میں 16 اکتوبر بروز جمعہ اور 18 اکتوبر وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کو مشترکہ فیصلہ کرکے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کی نمائندہ تنظیموں کی جانب سے احتجاج کی کال کے بعد صوبائی حکومت و ریاستی اداروں کی جانب سے ہمارے مطالبات کے حل کیلئے رابطے کئے گئے، ان ملاقاتوں کے بعد صوبائی حکومت اور ریاستی اداروں کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر صوبہ بھر میں پیدل چل کر جلوس عزاء میں شرکت کرنے والے عزاداروں پر قائم مقدمات کو بہت جلد واپس لیا جائے گا اور ہمارے دیگر مطالبات کے حل بھی یقین دہانی کرائی۔

کانفرنس سے علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ وطن کا استحکام ہر شئے پر مقدم ہے، ملکی سالمیت کیلئے ہمیشہ اپنی بیداری کا ثبوت دیا ہے، بیرونی دشمن کی جانب سے وطن میں خلفشار پیدا کرنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے، اپنے اداروں اور نظام پر اعتماد ہے، عزاداری کے حوالے سے کسی اقدام کی پروا نہیں کرتے، مقدمات قائم کرنے سے عزاداری کو روکا نہیں جاسکتا، مقامی سطح پر قائم مقدمات کو آئینی و قانونی پہلووں سے حل کیا ہے، احتجاج کو مشترکہ طور پر مؤخر کرنے کا اعلان ملک میں امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .