حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جامشورو/شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کی کابینہ کا اہم اجلاس جامع مسجد سجادیہ (جامشورو) میں صوبائی صدر حجۃ الاسلام علامہ سید اسد اقبال زیدی کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات، اربعین کے موقع پر صوبے بھر میں عزاداران امام حسین علیہ السلام پر کاٹی جانے والی ایف آئی آروں سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت اور فیصلہ جات کیے گئے۔
اجلاس کا آغاز تلاوت کلام الٰہی سے کیا گیا جسکے بعد شرکاء اجلاس کے سامنے اجلاس کا ایجنڈا بیان کیا گیا بعد ازاں اجلاس کی کاروائی آگے بڑھاتے ہوئے صوبائی صدر علامہ اسد اقبال زیدی صاحب نے اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق جون سے لیکر حالیہ دنوں تک پیش آنے والے مسائل اور انکے تدارک کیلیے صوبے کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔
اجلاس کے ایجنڈے کے دوسرے اور اہم نکتے "بلدیاتی انتخابات" کے حوالے سے اجلاس میں شریک صوبائی کابینہ کے اراکین سے مشاورت کی گئی اور اس ضمن میں مفصل گفتگو کی گئی، اس موقع پر تمام شرکاء اجلاس نے آئیندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے ایجنڈے کے اگلے نکتے کے مطابق اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پر مومنین کے خلاف کاٹی جانے والی بے بنیاد ایف آئی آروں سمیت دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور اس ضمن میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں تشیع کی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائیگا، اس اجتماع کی تاریخ اور جگہ کا اعلان آئندہ چند روز میں صوبائی صدر کی جانب سے کیا جائیگا۔
اجلاس میں ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت کی نااہلی کی شدید الفاظ میں مزمت کی گئی اور مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت کے خلاف بھرپور عوامی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا ارادہ کیا گیا۔
آخر میں صوبائی جنرل سیکریٹری حجۃالاسلام علامہ سید رضی حیدر زیدی نے اجلاس میں کی گئی گفتگو پر مختصر بریفنگ دی جسکے بعد دعاء امام زمانہ عج کے ساتھ اجلاس کا باقائدہ اختتام کیا گیا۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کی کابینہ کے اراکین سمیت جعفریہ یوتھ، جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور اسلامک ایمپلائز کے نمائندگان نے شرکت کی۔