۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/ آغا حسن نے کہا کہ امریکی قدغن اور پروپگنڈے سے عالم اسلام کے اس معتبر ترین دینی علمی یونیورسٹی کی اہمیت، افادیت اور اعتباریت متاثر نہیں ہو سکتی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی و مدیر حوزات علمیہ جامعہ باب العلم میر گنڈ بڈگام اور مکتب الزہراؑ حسن آباد سرینگر نے المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی قم ایران سے متعلق امریکی حکومت کے حالیہ تاثرات اور اس عظیم دینی ادارے کو دہشتگردی کے ساتھ جوڑنے کے مذموم بیان کو اسلام اور انقلاب اسلامی ایران کے ساتھ امریکہ کی قلبی دشمنی کا واضح مظاہرہ قرار دیا۔

حوزات علمیہ کے مدیر اعلیٰ نے کہا کہ المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی قم ایران دنیائے اسلام میں ایسا واحد دینی تعلیمی ادارہ ہے جس میں استکباری قوتیں سر توڑ کوششوں کے باوجود اپنا اثر اور نفوذ قائم کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں انھوں نے کہا کہ یہ ادارہ اسلام کے حقیقی فکر و پیغام اور ملت اسلامیہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے تقاضوں کا ترجمان ہے اور اسلام و مسلمین کے خلاف دشمن قوتوں کی سازشوں کا علمی و فکری محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ امریکہ اسرائیل اور انکے حلیفوں کے لئے المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی ایران درد سر بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے مغربی قوتوں کی طرف سے اسلاموفوبیا کی مذموم مہم جوئی کے خلاف اور اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے المصطفیٰ انٹرنیشنل کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی قدغن اور پروپگنڈے سے عالم اسلام کے اس معتبر ترین دینی علمی یونیورسٹی کی اہمیت، افادیت اور اعتباریت متاثر نہیں ہو سکتی بلکہ امریکی خود ساختہ قدغن کی وجہ سے اس علمی ادارے کی مقبولیت اور عزت و شہرت میں اور بھی اضافہ ہوگا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .