حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صد ر بردار عارف حسین الجانی نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہاکہ آج وطن عزیز مشکل ترین حالات سے گزر رہاہے۔ جس کی وجہ قائداعظم کے سنہری اصولوں کو فراموش کردیا گیا ہے ۔ دورِ حاضر میں قائداعظم کے افکار پہ عمل پیرا وقت کا اہم ترین فریضہ ہے۔
بدقسمتی سے ایک سازش کے تحت صیہونی ریاست اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں ہمیں قائداعظم کے افکار کو اپنا اصول قرار دیتے ہوئے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کرنے والے احمقوں کی ہر صورت مخالفت کرنی چاہیے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح برصغیر کے ساتھ ساتھ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی بھی توانا آواز تھے۔ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کی مخالفت ہی قائد اعظم کے حقیقی پاکستان کی عملی تعبیر ہے۔
ہمارے تعلیمی اداروں میں ایک سازش کے تحت قائداعظم کی تعلیمات سے دور کرنے کیلئے نصاب سے قائداعظم کے خطبات نکالے جارہے ہیں جو کہ قابل افسوس ہے۔ قائد اعظم نے اپنے خطبات میں اس بات کا ہمیشہ عزم کیا کہ ہم نے پاکستان کا مطالبہ محض زمین کا ٹکرا حاصل کرنے کیلئے نہیں بلکہ ایسی زمین حاصل کرنا چاہتے ہیں جہاں پر اسلام کے سنہری اصولوں کو آزما سکیں۔