حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ مدینتہ العلم کوپن ھیگن ڈنمارک کے مدیر محترم نے آیت اللہ مصباح یزدی کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے ہمدردی و تعزیت پیش کی۔
تعزیتی پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے
انا للہ و انا الیہ راجعون رضا بقضاٸہ وتسلیما لامرہ
موت العالم موت العالم
ایران کے مایہ ناز عالم دین ، حکومت اسلامی کے مستحکم ستون ، فیلسوف ، مفسر قرآن اور استاد اخلاق ہونے کے ساتھ ساتھ دور حاضر میں مغرب کی جانب سے اسلام و دین پر اٹھنے والے اعتراضات کے جوابات دینے میں بھی صف اول میں دکھائی دیتے تھے. حوزہ علمیہ میں فلسفہ اسلامی کے طلاب کے لیے انہی کی لکھی کتاب "آموزش فلسفہ” بطور نصاب داخل ہے. آپ آیت اللہ بہجت(رح) ، آیت اللہ امام خمینی(اعلیٰ اللہ مقامہ) ، علامہ طباطبائی(رح) اور آیت اللہ بروجردی (اعلیٰ اللہ مقامہ) کے شاگردوں میں سے تھے۔
آیت اللہ یزدی (اعلیٰ اللہ مقامہ) کی وفات پر ھم انکے خانوادہ محترم ، مقام معظم رہبری (حفظہ اللہ) اور بلاخص امام زمانہ (عج) کی خدمت میں تسلیت و تعزیت عرض کرتے ہیں
اور دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت چہاردہ معصومین (ع) کے صدقے میں آیت اللہ یزدی (اعلیٰ اللہ مقامہ) کو جوار سید الشھد (ع) میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے صغیرہ و کبیرہ گناھوں کو معاف فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
آپ تمام احباب سے گزارش ہے کہ آیت اللہ محمد تقی مصباح یزدی (اعلیٰ اللہ مقامہ) کی بلندی درجات کے لیے سورہ فاتحہ پڑھ کر مرحوم کی روح کو شاد فرمائیں۔
منجانب حوزہ علمیہ مدینتہ العلم کوپن ھیگن ڈنمارک