حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں شیعہ ہزارہ کمیونٹی کے 11/ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے اسے قومی سلامتی کے خلاف عالمی سازش قراد دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ داعش کی طرف سے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے کا مقصد پاکستان کی سرزمین ہر عالمی دہشت گرد تنظیم کی موجودگی کے تاثر کو تقویت دینا ہے۔
انہوں نے کہا حکومت ہندوستان، اسرائیل اور امریکہ کے ناپاک وجود نے پورے خطے کا امن غارت کر رکھا ہے، انہی طاقتوں کے سہولتکار پاکستان کے استحکام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، بلوچستان میں بربریت کے حالیہ واقعہ میں وہ تکفیری دہشت گرد ملوث ہیں جن کی ڈور غیر ملکی ایجنسیوں کے ہاتھ میں ہے۔
علامہ وحید کاظمی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ ہماری قوم نے اپنی مٹی سے محبت کی قیمت انمول جانوں کی قربانی دیکر چکائی ہے، ہم مزید کسی آزمائش کے قطعی متحمل نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شدید سردی میں مقتولین کے لواحقین اپنے پیاروں کی لاشیں لے کر مغربی بائی پاس پر دو دن سے احتجاج کر رہے ہیں، ریاست ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے ان کے دکھوں کا مداوا کرے، دہشت گردی کے واقعات کے سدباب کیلئے شدت پسندوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنا ہوگا وگرنہ دہشت گردی کے خلاف ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانیاں دے کر جیتی ہوئی جنگ کی بازی پلٹنے کا خطرہ سر پر منڈلاتا رہے گا۔