حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل نے ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر سانحہ مچھ میں ہزارہ برادری کے گیارہ شہداء کے المناک قتل کے خلاف یوم احتجاج منایا جارہا ہے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ البتہ جن آبادیوں میں دھرنے جاری ہیں وہاں نماز جمعہ ادا کی گئی اور کارکنوں نے احتجاج میں شرکت کی۔
صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ سانحہ مچھ کے شہداء کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم کے بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کوئٹہ کے شہدا کے ورثا کو سکیورٹی کی یقین دہانی کے لئے آنے کو بلیک میلنگ کہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کو یہ بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے تھی ۔ لگتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان انسان نہیں ہیں اور نہ ہی سیاستدان، انہیں اپنا بیان واپس لے کر ہزارہ قوم سے معافی مانگنی چاہیے اور فی الفور لواحقین کے مطالبے کے مطابق کوئٹہ پہنچ کر انہیں آئندہ ایسے کسی بھی واقعات کی دوبارہ نہ ہونے کی یقین دہانی کرانی چاہئے۔