۳۰ خرداد ۱۴۰۳ |۱۲ ذیحجهٔ ۱۴۴۵ | Jun 19, 2024
آغا علی رضوی

حوزہ/ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سربراہ کا کہنا تھا کہ یہاں کی عوام پاک فوج اور تمام ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یہاں کے عوام پاکستان کی سالمیت کے لئے ہر طرح کی قربانی کے لئے تیار ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ کلمہ لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر اسی عوام نے ڈوگرہ راج کو مار بھگایا تھا اور اس خطے کو آزاد کرایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کی عوام کی 70 سالہ جدوجہد پاکستان کا آئینی حصہ بننے کے لیے تھی۔ گلگت بلتستان کی عوام سے بڑھ کر کسی اور نے پاکستان کی سالمیت کے لئے قربانی نہیں دی۔ معرکہ کارگل میں یہاں کی عوام نے جو قربانی دی وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔ یہاں کے سپوت ہی تھے جنہوں نے معرکہ کارگل میں انڈیا کو ناکوں چنے چبوائے تھے۔ جی بی کے عوام کو حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ کسی سے نہیں لینا اور نہ ہی ریاستی اداروں بالخصوص پاکستان آرمی کو اس خطے میں کمزور ہونے دینا ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ یہاں کی عوام پاک فوج اور تمام ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یہاں کے عوام پاکستان کی سالمیت کے لئے ہر طرح کی قربانی کے لئے تیار ہیں۔

آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ منفی طاقتوں کا بیانیہ جی بی کے عوام کی امنگوں کے برعکس ہے اور جی بی میں اس سمیت دیگر ملک مخالف بیانیے کو جس سے وطن عزیز پاکستان کی سالمیت کے اداروں کو نقصان پہنچتا ہو ہم یکسر مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت ہندوستان سمیت امریکہ و اسرائیل اور دیگر عالمی طاقتوں کو یہ پیغام دینا چاہیں گے کہ تم لاکھ کوششیں کرو نہ سی پیک جیسا گیم چینجر فارمولا جس سے گلگت بلتستان اور پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے، کو نقصان پہنچانے دیں گے اور نہ ہی پاکستان کی سالمیت پر آنچ آنے دیں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .