۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
سانحہ مچھ ملی یکجہتی کونسل

حوزہ/سانحہ مچھ، ملی یکجہتی کونسل کا نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل اور داعش کے مکمل خاتمے کیلئے بھرپور آپریشن کا مطالبہ

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل کا تعزیتی اجلاس مرکزی دفتر جامعہ نعیمیہ میں ہوا جس میں مختلف مذہبی جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سانحہ مچھ کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے سانحہ مچھ کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی آگاہ کیا۔

بعد ازاں اجلاس کے شرکاء نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے اور وطن عزیز سے دہشت گردوں اور داعش کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور آپریشن کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی طرف سے ایسے اقدامات کا عملی مظاہرہ کیا جانا چاہیے جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ حکومت اور ریاستی ادارے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔ملک کے امن و استحکام کو نشانہ بنانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ پاکستان کو محفوظ پناہ گاہ سمجھنے والے شرپسندوں کے لیے اس سرزمین کو قبرستان بنا کر منطقی انجام تک پہچانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری قوم جیت چکی ہے۔بزدلانہ کاروائیوں سے اسے شکست میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ ملک دشمنوں کے خلاف پوری قوم متحد ہےاور وہ وقت دور نہیں جب ارض پاک ایک بار پھر امن کا گہوارہ بن جائے گا۔ناصر شیرازی نے ملک کے مختلف شہروں میں دیے گئے دھرنوں میں شرکت پر مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، عمائدین، کارکنان اور اپنی قوم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .