حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جنوبی دہلی کی پشپ وہار سیکٹر 5 میں واقع چرچ سینٹ ٹریسا میں آج خصوصی اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا، جس میں قومی یکجہتی اور باہمی اتحاد و اتفاق کے جذبہ کو فروغ دینے کی غرض سے خادم انسانیت فاؤنڈیشن کے بانی فاروق صدیقی اور جہاں پناہ مسجد حوض رانی دہلی کے امام محمد اخلاق قاسمی کی جانب سے چرچ میں موجود تمام لوگوں کو چائے اور بسکٹ انتظام کیا گیا۔
اس پروگرام میں گرو دوارے کے گرنتھی بھی موجود تھے، چرچ کے پادری فادر جولیس سیزر نے خدمت خلق اور انسانیت سے سرشار لوگوں کی کوششوں کی تعریف کی۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ بھی خدمت انسانیت کی ٹیم سے منسلک ہو کر آپسی بھائی چارہ کو فروغ دیں گے اور محبت کا پیغام بھی عام آدمی تک پہنچائیں گے، جس کی اس پرآشوب دور میں اشد ضرورت ہے۔
خادم انسانیت فاؤنڈیشن کے بانی فاروق صدیقی نے کہا کہ آج کل جو ملک اور دنیا کی صورت حال ہے، اس کے تناظر میں آپسی اتحاد اور بھائی چارہ کو تقویت بخشنے کی ضرورت ہے، اسی تناظر میں یہ ایک ادنیٰٰ سی کوشش ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم نہ صرف دہلی بلکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی تمام مذاہب کے لوگوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، کیوں کہ تمام پیش آمدہ مسائل و مصائب کا حل ایک مضبوط و منظم اور مستحکم اتحاد و اتفاق ہی میں پنہاں ہے۔