حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد/ جامعۃ المصطفی العالمیہ پاکستان نے جامعۃ المصطفی العالمیہ قم کے “موسسہ آموزش ھای کوتاہ مدت و فرصت مطالعاتی” کے تعاون سے دو آن لائن کورسز ” روش بیان احکام ” اور” اسلامی طرز حیات” کا اہتمام کیا گیا۔
یہ کورسز پانچ روز پر مشتمل تھے، جس میں برادران و خواہران نے شرکت کی۔روش بیان احکام کورس مدارس کے فضلا،پیش نماز حضرات ،مدارس کے سینئر طلاب اور مبلغین کے لیے تھا۔”اسلامی طرز حیات” کورس عام افراد تک معارف اسلام کو عام فہم الفاظ میں منتقل کرنے کے کی غرض کے تحت اجراء ہوا-ان کورسز میں رجسٹریشن کے عمل کا آغاز ماہ فروری میں کیا گیا تھا اور مارچ میں ان کورسز کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پاکستان بھر سے شرکت ہوئی۔
آن لائن روش بیان احکام کورس جس میں پاکستان بھر سے علماء کرام،طلاب مدارس دینیہ،پیش نماز حضرات اور جامعۃ المصطفی العالمیہ کے فارغ التحصیلان نے شرکت-حوزہ علمیہ قم کے مایہ ناز استاد، بیان احکام کا وسیع تجربہ رکھنے والی شخصیت،دسیوں کتب کے مولف،حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا قم کے مبلغِ احکام حجۃ الاسلام والمسلمین جناب آقای محمود اکبری صاحب نے روش بیان احکام پر خوبصورت لیکچرز دیے۔ان کے یہ لیکچر ز مسلسل پانچ روز تک جاری رہے۔ اس میں انہوں نے بہت خوبصورت انداز میں احکام اسلام کو معاشرے میں عام کرنے اور عام فہم انداز میں بیان کرنے کی روش اور طریقہ کار بیان کیا۔ استاد محترم نے نوجوانوں، خواتین اور بچوں کے لئے احکام بیان کرنے کے دلچسپ طریقے بیان کیے۔کھیل ہی کھیل میں بچے احکام سیکھ جاتے ہیں۔استاد محترم نے غسل میت کا طریقہ عملی طور پر سکھایا ۔اس دوران شرکاء کورس مسلسل سوالات کر کے اپنے مسائل بھی دریافت کرتے رہے۔
“اسلامی طرز حیات کورس” میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس کورس کے استاد حجۃ الاسلام والمسلمین علی اصغر سیفی صاحب تھے۔ آپ حوزہ علمیہ قم میں مقیم سینئر پاکستانی طالب علم ہیں اور “مھدویت ” کے موضوع پر وسیع مطالعہ رکھتے ہیں۔طویل عرصہ سے آپ امام زمانہ ؑ کے موضوع پر دروس دیتے ہیں۔ آپ نے انتہائی سادہ اور دلنشین انداز میں اسلامی طرز حیات کو بیان کیا اور یہ کہ ہم کیسے قرآن و سنت سے رہنمائی لیتے ہوئے اسلامی طرز حیات اپنا سکتے ہیں۔
شرکائے روش بیان احکام اور اسلامی طرز حیات کورسز نے ان کورسز کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے جامعۃ المصفطی العالمیہ اور موسسہ آموزش ھای کوتاہ مدت و فرصت مطالعاتی کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں گھر بیٹھے حوزہ کے بہترین اساتذہ سے استفادہ کرنےکا موقع ملا۔
شرکاء نے اس طرح کے موضوعات پر مزید کورسز کے انعقاد کا مطالبہ کیا تاکہ حوزہ سے دور لوگ بھی حوزہ علمیہ کی روشنی سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فائدہ اٹھا سکیں۔ “موسسہ آموزش ھای کوتاہ مدت” مستقبل قریب میں اس طرح کے مزید کورسز کا انعقاد کرے گا۔کورس میں شریک تمام خواتین و حضرات کو سرٹیفکیٹ بھی جاری کیاجائے گا۔