۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
شیخ حسن جعفری

حوزہ/ علامہ شیخ حسن جعفری نے خطبہ جمعہ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مبارک رمضان کے حوالے سے کہا: رسول خدا فرماتے ہیں کہ اے لوگو ! اس مہینے میں استغفار کرو! راتوں کو اپنے گناہ یاد کر کے گریہ کرو! اور نمازیں پڑھو!۔ جو ان اعمال کو بجا لائے گا، خدا وند عالم اس کو جہنم کی آگ سے دور کردے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امام جمعہ جامع مسجد سکردو حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسن جعفری نے مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں جمعے کے اجتماع سے خطا ب کرتے ہوئے کہا:اس وقت سکردو مسائلستان بنا ہوا ہے۔ بجلی، صحت ، روڈ اور پانی سمیت بہت سارے مسائل ہیں، لہذا میرا مشورہ یہ ہے تمام اضلاع کے ذمہ داروں اور نمائندوں کی ہنگامی میٹنگ بلائی جائے اور حکومت سے مخصوص گرانٹ کا مطالبہ کیا جائے۔ جو مسائل فور ی حل طلب ہوں ان کا فوری اور جو طویل المیعاد ہوں ان کیلئے مستقل حل نکالا جائے۔ ان مسائل کو حل نہ کرنے کی صورت میں حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
انہوں نے ماہ مبارک رمضان کے حوالے سے کہا: رسول خدا فرماتے ہیں کہ اے لوگو ! اس مہینے میں استغفار کرو! راتوں کو اپنے گناہ یاد کر کے گریہ کرو! اور نمازیں پڑھو!۔ جو ان اعمال کو بجا لائے گا، خدا وند عالم اس کو جہنم کی آگ سے دور کردے گا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ سلم  نے ایسے لوگوں پر تین مرتبہ لعنت بھیجی ہے جو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس ہوتے ہیں خصوصا اس مہینے میں۔ لہٰذا اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا، بلکہ خلوت میں جا کر دعا کریں اوراپنے گناہوں کو یاد کر کے خوب گریہ کریں۔ انشاءاللہّٰ آپ پر رحمتوں کی بارش ہوگی۔ جو انسان گناہوں سے توبہ کرتاہے، گویا اس نےکوئی گناہ ہی نہیں کیا ۔

انہوں نے مؤمنین کو علمائے کرام کے دروس سے استفادہ کرنے اور جامع مسجد سکردو میں منعقدہ مقابلہ حسن قرائت اور درس تفسیر میں شرکت کرنے اور ان مواقع سے بھر پور استفادہ کرنے کی تلقین کی۔اللہ تعالیٰ اور لوگوں کے باہمی حقوق کے متعلق انہوں نے کہا: حقوق العباد کے معاملے میں جب تک جن افراد کے ساتھ ناانصافی کی ہے انہی سے معافی نہ مانگی جائے ، عفو وبخشش ممکن نہیں ہے، لیکن حقوق اللہّٰ کے معاملے میں عفوو بخشش کا امکان پایا جاتا ہے، کیونکہ خدا غفور رحیم ہے۔

علامہ شیخ حسن جعفری نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان بھر کےعارضی ملازمین گزشتہ کئی دنوں سے گلگت میں اپنی سروس کی مستقلی کے لئے دھرنا دئیے بیٹھے ہیں، لیکن ابھی تک ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان کا مطالبہ فوری حل کرے اور لوگوں کو اپنے جائز حقوق کے لئے بھی اس طرح کے احتجاجات پر مجبور نہ کرے۔

امام جمعہ سکردو نے مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی کی صحت و سلامتی کے لیے خصوصی طور پر دعا کی ، جو کچھ دنوں سے تہران کے مقامی ہسپتال میں داخل ہیں ۔

علامہ شیخ حسن جعفری نے آخر میں حجۃ الاسلام شہنشاہ نقوی کے بھائی مولانا سید عون نقوی کی وفات پر ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے ساتھ مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .