حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کرگل/ ولادت با سعادت کریم اہل البیت حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے مبارک اور پر مسرت مناسبت پر انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل،لداخ کے زیر اہتمام احاطہ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں ایک عظیم الشان جشن محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا، جس ضلع کرگل مختلف علاقوں سے کثیر تعداد میں روزے دار مومنین اور علماء نے شرکت کرکے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے محضر مبارک میں آپ کے جد امام حسن مجتبی علیہ السلام کے ولادت پر برکت پر عرض تہنیت پیش کی، ممبر علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے رکن برائے علاقے شکر چکتن اور امام جمعہ سنجگ حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نقی مبلغی نے اس موقع پر بطور صدر محفل اس جشن کی تقریب میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی اور قم مقدس اور مشہد مقدس سے تشریف لائے مبلغین جن میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ باقر ناصرالدین اور حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ عبدل الرحمان ماجانی کے علاوہ جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل سے منسلک علمائے کرام بھی موجود تھے۔
تصویری جھلکیاں: انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام عظیم الشان جشن امام حسن مجتبی (ع) کا انعقاد
اس جشن محفل میلاد با سعادت حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کا آغاز آخوند محمد حلیم مدرس مکتب امام رضا برو کالونی نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور اس کے بعد تقاریر، منقبت اور قصیدہ خوانی کا سلسلہ شروع ہوا، مقررین نے امام حسن مجتبی علیہ السلام کے سیرت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے مومنین پر زور دیا کہ وہ امام حسن مجتبی علیہ السلام کے پاک ذات کو اپنے لئے مشعل راہ قرار دے اور محمد و آل محمد علیہم السلام کو اپنے دکھائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے اپنی دنیا اور آخرت دونوں کو آباد کریں۔
جن مقررین نے اس موقع پر لوگوں سے خطاب کیا ان میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ عبد الرحمان ماجانی، حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد طاہا رضوی، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نقی مبلغی کے نام قابل ذکر ہیں جبکہ احمد رضا طالب علم جعفریہ اکاڈمی آف ماڈرن ایجوکیشن، مرتضیٰ فاضلی اور محمد ہادی میثم نے اپنے منفرد آوازوں میں منقبت خوانی اور قصیدہ بزبان بلتی کے ذریعے کریم اہل البیت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے خدمت میں شاندار خراج عقیدت پیش کئے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نقی مبلغی نے اپنے صدارتی تقریر میں مومنین کو اس پر برکت مہینے میں اس دن کو منانے اور اس میں شرکت کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مومنین کو خوش قسمت قرار دیا کہ ایک بار پھر اس پر عظمت اور شہر اللہ کا دیدار نصیب ہوا اور اس مہینے کے اعمال کو سرانجام دیتے ہوئے الله تعالیٰ کے حضور توبہ و استغفار کرنے کا موقع فراہم ہوا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ باقر ناصرالدین نے دعائیہ کلمات کے ساتھ اس جشن محفل میلاد کو اپنے اختتام تک پہنچایا اور کورونا وبائی بیماری کے جلد خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں کی اور مراجع عظام جہان تشیع بالخصوص رہبر معظم حضرت آیت العظمی سید علی حسینی خامنہ ای اور آیت الله العظمی سید علی حسینی سیستانی حفظم الله کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی۔