حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جشن ولادتِ با سعادت خامس آل عبا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ولادت با سعادت علمدار حسین حضرت ابل الفضل العباس علیہ السلام کے مبارک مناسبت پر شعبہ ادب جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام مسلسل دو روز جشن محفل کا اہتمام کیا گیا۔
4 شعبان المعظم کو ولادت با سعادت خامس آل عبا حضرت امام حسین علیہ السلام کے پر مسرت مناسبت پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان جشن محفل کا انعقاد کیا گیا, محفل کا آغاز آخوند محمد حلیم مدرس مکتب امام رضا نے تلاوت کلام پاک سے کیا, اس جشن مولود میں ضلع کرگل کے نامور شعراء حضرات اور قصیدہ خوانوں نے اپنے کلام اور قصیدہ و منقبت خوانی کے ذریعے امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کئے اس موقع پر نائب صدر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ غلام علی مفیدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ سید رضا رضوی ممبر شعبہ ادب نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔
اسی طرح 5 شعبان المعظم کو ابل الفضل العباس علیہ السلام کی ولادت پر برکت کے مناسبت پر احاطہ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں شعبہ جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان جشن محفل کا انعقاد کیا گیا اس جشن کا آغاز عالمی شہرت یافتہ قاری قرآن حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد طاہ شاعری نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، اس جشن محفل میں ضلع کے مشہور و معروف اور نامور قصیدہ و منقبت خوانوں کو مدعو کیا گیا تھا، اس جشن محفل میں ضلع کرگل کے مختلف علاقوں سے تشریف لائے 30 سے زائد قصیدہ و منقبت خوانوں نے اپنے خوبصورت آوازوں میں بلتی، پرکی، شینا اور اردو زبانوں میں قصیدہ اور منقبت خوانی کے ذریعے محفل کی رونق کو دوبالا کیا اس موقع پر بزرگ عالم دین حجتہ الاسلام والمسلمین شیخ محمد امینی کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا اس کے علاوہ مومنین کی کثیر تعداد اور علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے علمائے کرام نے بھی اس جشن میں شرکت کی۔
اس موقع پر ضلع کرگل کے بلتی ادب کے نامور اور معروف قلمکار بشیر احمد وفا نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد امینی نے اپنے صدارتی تقریر میں خامس آل عبا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ابل الفضل العباس علیہ السلام کو انسانیت کا ایک مثال قرار دیتے ہوئے دین مبین اسلام کی بقا کے لئے دی گئی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے مومنین کو امام حسین علیہ السلام اور قمر بنی ہاشم علمدار حسین حضرت ابل الفضل العباس علیہ السلام کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کی تلقین کی۔