حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان میں کورونا وبا کی دوسری لہر کے دوران وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث نظام صحت تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے و یہ حالات ملک کے بڑے شہروں سے لے کر دور دراز علاقوں تک ایک جیسے ہیں۔ اسی چیز کو محسوس کرتے ہوئے ان دنوں امام ہادی کووڈ ہیلپ لائن پورے ملک میں انسانی خدمات انجام دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، علماء کے زیر اہتمام اس سلسلہ میں کووڈ مریضوں کے لئے انجام دیئے جانے والے خدمات کا سلسلہ مختلف صوبوں جیسے یوپی، مہاراشٹرا،چگجرات، کرگل و کشمیر، مدھیہ پردیش، بنگال وغیرہ میں جاری و ساری ہیں۔
مولانا حیدر عباس رضوی نے بتایا کہ اس ہیلپ لائن نے شہر لکھنؤ میں "جیت جائیں گے ہم،پھر مسکرائیں گے ہم" جیسے دل نشین اور دل آویز نعرہ کے ساتھ گذشتہ دو دنوں میں سیکنڑوں مریضوں کے اہل خانہ تک کووڈ ہاسپٹل پہنچ کر مفت کھانا اور پانی تقسیم کیا۔مریضوں کی شفایابی کی دعا کے ساتھ ملک سے اس منحوس وبا کے خاتمه کی دعا کی۔ مذہب و مسلک سے بالاتر انسانی خدمت انجام دینے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اس کار خیر کی انجام دہی کے لیے گذشتہ ایک برس سے جناب امداد امام صاحب اور ان کی ٹیم کا انتخاب کیا گیا جنہوں نے مولانا احتشام الحسن شمسی اور مولانا سید حیدر عباس رضوی سمیت دیگر پر جوش جوانوں کی مدد سے اس نیک کام کو انجام دیا۔
بتاتے چلیں کہ امام ہادی کووڈ ہلپ لائن کے بینر تلے یہ کام کووڈ پروٹوکول کی رعایت کے ساتھ میڈیکل کالج،کوئین میری،ایرا میڈیکل کالج،سول ہاسپٹل اور چرک ہاسپٹل میں انجام پایا۔