حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،رضوی ہاسپٹل کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر محسن محور نے بتایا کہ ملکی سطح پر معیاری ہسپتالوں کی نئی درجہ بندی کے لئے ہونے والے سروے میں تقریباً ایک ہزار ہسپتالوں کا سروے کا کیا گيا جس کے لئے چھے الگ الگ کیٹیگری بنائی گئی تھی اور سب سے اعلی کیٹیگری ٹاپ ون کیٹیگری تھی اور اس کیٹیگری میں آستان قدس رضوی کے محکمہ صحت سے وابستہ رضوی ہسپتال نے ملک کے دس بہترین اسپتالوں میں اپنی جگہ بنالی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رضوی ہسپتال ایران کا واحد ہاسپٹل ہے جو کینیڈا کا سب سے قدیمی اور اہم سرٹیفیکٹ ACI(ایکریڈیشن۔ کینڈا انٹرنیشنل) رکھتا ہے اور اس کے علاوہ غیرملکی مریضوں کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے پر جرمنی سے TEMOS سرٹیفکیٹ بھی حاصل کر چکا ہے ۔ اور یہی وجہ ہے کہ ہر سال ہزاروں کی تعداد میں غیرملکی باشندے اور زائرین و سیاح علاج و معالجہ کے لئے رضوی ہسپتال آتے ہیں۔ جن میں سے زیادہ تر مریض زنانہ امراض، ہارٹ سرجری، کینسر اور آنکھوں کی امراض کے علاج کے لئے اس اسپتال میں آتے ہیں۔
دیگر ملکوں سے آنے والے مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ۲۰ بیڈوں کو مختص کیا گیا ہے جو جدید آلات سے لیس ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا کی مشہور زبانوں پر تسلط رکھنے والے عملہ پر بھی مشمتل ہیں۔
رضوی ہاسپٹل تمام جدید ترین طبی آلات و وسائل سے لیس ہے اور نیوکلیئر میڈیکل سائنس کے شعبے میں بھی خاص مہارت رکھتا ہے۔ ہر سال رضوی ہاسپٹل کی جانب سے مختلف علمی سیمیناروں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جن میں اندرون ملک اور بیرون ملک کے ماہر ڈاکٹر حصہ لیتے ہیں ۔
مختلف مناسبتوں پر رضوی ہاسپٹل کی جانب سے فیلڈ ہاسپٹل بھی قائم کئے جاتے ہیں خاص طور پر حضرت ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر اربعین مارچ میں زائرین کو رضوی ہاسپٹل کی جانب سے مفت طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
رضوی ہاسپٹل کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر محسن محور نے بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی ابتدا سے ہی رضوی ہاسپٹل نے اپنی توانائیوں کے مطابق مشہد کی میڈیکل یونیورسٹی کی بھرپور مدد کی اور ہاسپٹل میں بھی کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کے لئے نیا وارڈ قائم کیا اور ساتھ ہی دوسرے مریضوں کا بھی علاج و معالجہ جاری رکھا۔