۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
مولانا قمر غازی

حوزہ/ حوزہ علمیہ امام حسین(ع)ہندوستان کے استاد حجۃ الاسلام و المسلمین قمر عباس غازی نے قلیل عرصہ علیل رہنے کے بعد تقریبا 50سال کی عمر میں دار فانی کو الوداع کہا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حوزہ علمیہ امام حسین(ع)ہندوستان کے استاد حجۃ الاسلام و المسلمین قمر عباس غازی نےقلیل عرصہ علیل رہنے کے بعد تقریبا 50سال کی عمر میں دار فانی کو الوداع کہا۔

انہیں چند روز قبل کورونا بیماری کے علاج و معالجے کیلئے مظفرنگر کے ایک مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم جسمانی حالت اور سانس کی شدید تکلیف کی وجہ سے ہری دوار کے ایمس ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا تھا جہاں پر وہ اپنےخالق حقیقی سے جا ملے۔

حجۃ الاسلام و المسلمین قمر غازی 1970ء میں شمالی ہندوستان کے اترپردیش شہر مظفر نگر کے ایک دینی گھرانے میں پیدا ہوئے اور اپنے والدین کی خواہش کے مطابق دینی علوم حاصل کرنے میں مصروف ہو گئے تھے۔

مرحوم و مغفور نے دینی علوم کا آغاز شہر مظفر نگر کے دینی مدرسہ امام حسین علیہ السلام سے کیا بعد ازاں اعلی دینی علوم اور معارف اسلامی کے حصول کیلئے جامعۃ المصطفی ایران کی طرف ہجرت کی اور سن 2000ء میں مدرسہ امام خمینیؒ قم میں داخلہ لیا۔

انہوں نے حوزہ علمیہ قم کے برجستہ اساتذہ سے کسب فیض کیا تاہم مرحوم کی علمی اور تحقیقی پیشرفت کی وجہ سے مدرسہ ہذا کے ممتاز شاگردوں کی فہرست میں شامل ہوئے۔

اس عالم دین کے پیکر کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں تشییع کے بعد شہر مظفر نگر کے بہیرہ سادات کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ہندوستانی مایہ ناز عالم دین حجۃ الاسلام سید اعجاز موسوی نے اس عالم دین کی المناک رحلت پر لواحقین سے اظہار تعزیت اور مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا کرتے ہوئے ان کی رحلت کو ہندوستان کے علمی اور تبلیغی معاشرے کیلئے عظیم فقدان قرار دیا ہے۔

مظفر نگر کے برجستہ عالم دین حجۃ الاسلام سید معصوم رضا زیدی نے ایک تعزیتی پیغام ارسال کرتے ہوئے مرحوم و مغفور کے خانوادے سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور اس حادثے کو حوزہ ہائے علمیہ ہندوستان کیلئے ناقابل فراموش نقصان قرار دیا ہے۔

بنیاد اہل بیت علیہم السلام ہندوستان کے سربراہ حجۃ الاسلام سید تقی عباس رضوی نے اپنے ایک پیغام میں مرحوم کے خانوادے سے اظہار تعزیت اور بلندی درجات کیلئے دعا کرتے ہوئے اس ہندوستانی عالم دین کی المناک رحلت کو ہندوستانی معاشرے کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ حوزہ ہائے علمیہ ہندوستان کے سربراہان سمیت طلباء اور علماء کرام نے بھی حجۃ الاسلام و المسلمین قمر عباس غازی کی المناک رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے اور مرحوم کے خانوادے سے تعزیت کی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .