حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی ؒ کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام و المسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے انقلاب اسلامی ایران کی حفاظت اور قائد انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ا ی کی صحت و سلامتی کے لئے دعا کی امام خمینی ؒ کو عصر حاضر کی ایک بلند قامت اسلامی و انقلابی شخصیت قرار دیتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ امام کے افکار و نظریات احیا ے اسلام اور مسلمانوں کی دینی و سیاسی بیداری کا سر چشمہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ امام خمینی ؒ کے کردار و عمل اور قائدانہ صلاحیتوں کا نتیجہ ہے کہ مغربی قوتوں نے اپنے بے پناہ اثر و رسوخ اور تہذیبی جارحیت کا نشانہ بنا کر جس ایران سے اسلام اور اسلامی اقدار کا خاتمہ کرکے رکھ دیا تھا اسی سرزمین ایران پر ایک کامل اسلامی انقلاب بر پا ہوا اور وہی سرزمین آج اسلام اور ملت اسلامیہ کے ایک ناقابل تسخیر قلعہ کی حثیت سے ارتقا کی منزلیں طے کر رہی ہے۔
آغا صاحب نے کہا کہ امام خمینی ؒ نے ایرانی قوم و قیادت کو مستکبرین سے برائت اور خود انحصاری کے غیر متزلزل جذبے کی شکل میں ایک گراں قدر تحفہ عطا کیا امام خمینی ؒ نے اسلام اور مسلمین سے واضح دشمنی کا مظاہرہ کرنے والی قوتوں سے تعلقات اور روابط کو ممنوع اور ان سے نفرت و بے زاری کو شرعی مسئولیت قرار دیا اسلامی جمہوری ایران سخت ترین حالات اور عالمی دباو و پابندیوں کے باوجود امام خمینی ؒکی اسی پالیسی پر قائم و دائم ہے