حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں بسنے والی اقوام کے درمیان محبت اور اخوت کا رشتہ ضروری ہے بھائیوں کے درمیان نفرتوں کے علمبردار اپنے روئیے پر نظر ثانی کریں سندھ میں بسنے والے مہاجر اور سندھی آپس میں بھائی ہیں جن کے درمیان اسلامی اخوت کا رشتہ قائم ہے۔ فرقہ واریت اور قوم پرستی کے نام پر نفرتوں کے سوداگر عوام کو تقسیم در تقسیم کرنے کی بجائے قوم کو اتحاد اور وحدت کا پیغام دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ترقی کے حامی ہیں سندھ حکومت کو چاہئے کہ وہ بحریہ ٹاؤن سے متعلق سندھ کے عوام کے اعتراضات کا عدل وانصاف کے تقاضوں کے مطابق جائزہ لے۔ صدیوں سے آباد غریب عوام کی بستیاں ڈھانے کی بجائے ایسی ترقی کو اہمیت دی جائے جس کے فوائد اور ثمرات غریب عوام تک پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ پر تشدد احتجاج اور عوامی املاک کو نذر آتش کرنے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں غیر جانبدارانہ تحقیقات کے ذریعہ اس جلاؤ گھیراؤ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرتے ہوئے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے عوام کو پانی کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث زراعت تباہی کے دہانے پر ہے لہذا وفاقی حکومت تمام اکائیوں کے درمیان پانی کی تقسیم سمیت وسائل کی تقسیم کا ایسا انصاف پر مبنی نظام قائم کرے جس میں کسی صوبے کے عوام کو محرومی کا احساس نہ ہو۔