۲۸ شهریور ۱۴۰۳ |۱۴ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 18, 2024
علامہ موسیٰ رضا جسکانی

حوزہ/حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے بابرکت علم سے نہ فقط مسلمانان عالم نے استفادہ کیا بلکہ غیر مسلم سکالرز کی ایک کثیر تعداد نے آپ سے استفادہ علمی کو اپنے لئے اعزاز سمجھا۔آپ ہی کے فرزند ارجمند حضرت جعفر صادق علیہ السلام ہیں جن سے تمام مسالک اسلام کو کسب فیض کرنے پر فخر ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امام زین العابدین علیہ السلام کے فرزند ارجمند، امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے علامہ موسیٰ رضا جسکانی صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان جنوبی پنجاب نے تمام علم دوست افراد انسانیت کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مدینہ منورہ میں جس اسلامی یونیورسٹی کی بنیاد رکھی وہ تاریخ اسلام کا قابل فخر اور روشن باب ہے۔

علامہ موصوف نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ اخلاق نبوی کا کامل نمونہ تھے۔ آپ ہی وہ عظمت کے مالک امام ہیں جنھیں آپ کی ولادت باسعادت سے عرصہ دراز پہلے رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے جلیل القدر صحابی جابر بن عبداللہ انصاری کے ذریعے سلام بھیجے اس طرح جہاں یہ بشارت نبوت کی حقانیت کی دلیل بنی، وہاں آپ کے امام حق ہونے کی بھی تصدیق ہو گئی۔ آپ زہد و تقویٰ میں اپنے آباؤ اجداد کی طرح اپنے زمانے میں بے مثل و بے مثال تھے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے بابرکت علم سے نہ فقط مسلمانان عالم نے استفادہ کیا بلکہ غیر مسلم سکالرز کی ایک کثیر تعداد نے آپ سے استفادہ علمی کو اپنے لئے اعزاز سمجھا۔آپ ہی کے فرزند ارجمند حضرت جعفر صادق علیہ السلام ہیں جن سے تمام مسالک اسلام کو کسب فیض کرنے پر فخر ہے۔

مزید کہا کہ اہل بیت نبوت کے پیروکار ہونے کیلئے آپ سے محبت کے ساتھ ساتھ آپ کی اتباع بھی ضروری ہے اسلئے کہ قرآن مجید اور سنت رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے عالم حقیقی اہل بیت علیہم السلام ہی ہیں۔ کیونکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تھا کہ میرے اہل بیت تم سب سے زیادہ دین جانتے ہیں ۔ انھیں پڑھانے کی کوشش مت کرنا۔ ان سے آگے مت بڑھنا۔


 

تبصرہ ارسال

You are replying to: .