حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عید الاضحی کے بابرکت موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید ہمارے لیے خوشیوں کے ساتھ ساتھ ایثار و بھائی چارے اور کا پیغام اور تقوی اختیار کرنے کا درس بھی لے کر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام صاحبان استطاعت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عید کی ان خوشیوں میں اپنے نادار عزیز و اقرباءکو ضرور شامل رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ قربانی کا عمل کسی دکھاوے یا نمود و نمائش کا نام نہیں بلکہ تقوی اور اطاعت الہی کے ذریعے اپنے پروردگار کی خوشنودی حاصل کرنے کا نام ہے۔ جانوروں کی قربانی معاشی، معاشرتی اور روحانی اعتبار سے اپنے اندر ایک عظیم فلسفہ سمیٹے ہوئے ہے۔ اس عمل سے تجوریوں میں رکھا گیا پیسہ گردش کرتے ہوئے ناصرف عام آدمی تک پہنچ جاتا ہے بلکہ وہ مساکین و غرباءو گوشت کھانے کی استطاعت نہیں رکھتے وہ بھی اللہ کی نعمتوں سے بھرپور انداز میں مستفید ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا نے پوری دنیا میں تباہی مچا رکھی ہے۔ اس مرض سے بچاؤکا بہترین حل ایس او پیز پر عمل کرنا ہے۔عید کے دوران کورونا کے سلسلے میں بتائی گئی احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ایس او پیز پر عمل کر کے ہم ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں ذمہ دارانہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید ایک مذہبی تہوار اور احتیاط واجب ہے لہذا احتیاط کے دامن کو مضبوطی سے تھام کر عید کی خوشیاں منائی جانی چاہئے تاکہ کوئی بھی فرد کسی دوسرے کے لیے نقصان کو موجب نہ بنے۔