۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
پاکستان میں سادگی کے ساتھ منائی گئی عید، فلسطین و افغانستان کیلئے دعائیں

حوزہ/ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی مسجد بیت العتیق میں عیدالفطر کی نماز علامہ سید جواد نقوی کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر کورونا ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا گیا۔ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مظلوم عوام دنیا کے مسلمانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، جبکہ عرب پہلے ہی اسرائیل کے سامنے سرتسلیم خم کر چکے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان میں مختلف مقامات پر نمازِعیدالفطر کے روح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ امسال عیدالفطر پر فلسطین کی آزادی اور کورونا وبا سے نجات کیلئے خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا گیا۔ جامعہ المنتظر میں علامہ سید تطہیر حسین زیدی کی اقتداء میں نماز عید ادا کی گئی۔ نماز کے بعد کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کروائی گئی۔ لاہور میں فیروز پور روڈ پر قذافی اسٹیڈیم میں حافظ طلحہ سعید نے نمازعید کی امامت کروائی۔ بڑی تعداد میں شہریوں نے نمازِعید ادا کی۔ ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے دو مرتبہ نماز عید کروائی گئی۔ نمازعید کے بعد حافظ طلحہ سعید نے امت مسلمہ، ملک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیساتھ فلسطینی اور کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کروائی۔

ریس کورس جیلانی پارک میں عیدالفطر کی نماز کے موقع پر پی ایچ اے کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ مرکزی گراونڈ میں کرونا ایس او پیز کے تحت نمازِ عید کا انتظام کیا گیا تھا۔ نماز عید میں مرد و خواتین کیلئے علیحدہ علیحدہ اہتمام کیا گیا۔ حافظ عبدالغفار روپڑی نے خطبے میں کہا کہ اس وقت اُمت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ جوہر ٹاون میں واقع ادارہ منہاج الحسین علیہ السلام میں عیدالفطر کی نماز علامہ حسن رضا باقر کی امامت میں ادا کی گئی۔ نماز عیدالفطر میں مومنین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ کورونا ایس او پیز کے مطابق نماز عید کی ادائیگی کیلئے نمازیوں کے دوران سماجی فاصلہ رکھنے کیلئے خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ علامہ حسن رضا باقر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کے دن اپنی دعاوں میں کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیئے۔

عیدالفطر کی نماز ماڈل ٹائون پارک کی بجائے سی بلاک میں قاری محمد ناصر نقشبندی نے پڑھائی۔ ماڈل ٹائون کے رہائشیوں کی بڑی تعداد نے مرکزی اجتماع میں شرکت کی۔ انسداد کورونا کے باعث ایس او پیز پر خصوصی عملدرآمد کروایا گیا۔ نمازعید اور خطبہ کے بعد ملکی سلامتی اور کورونا وبا سے نجات کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔ صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف نے عید کی نماز ماڈل ٹاون اپنی رہائشگاہ میں مسجد میں ادا کی، جبکہ اس موقع پر ملکی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عیدالفطر خوشیوں کا موقع ہے لیکن کرونا وائرس کے پیش نظر ہمیں اس عید پر احتیاطی تدابیر بھی اپنانی چاہئے۔

عید الفطر کی نماز کا بڑا اجتماع ناصر باغ میں ہوا، جہاں علامہ حسن رضا ہمدانی کی امامت میں فرزند اسلام نے عید کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ نماز عید کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز عید کے موقع پر  فلسطین و کشمیر  کے مسلمانوں کی آزادی  کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی۔ ٹاون شپ مرکز القدس کے زیراہتمام عیدالفطر کی نماز کا بڑا اجتماع منعقد ہوا۔ جہاں حافظ عبدالماجد کی امامت میں سینکڑوں فرزند اسلام نے عید کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی جبکہ نماز عید کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

باغ جناح میں صبح چھ بج کر 15 منٹ پر عید الفطر کی نماز ادا کی گئی، علامہ ڈاکٹر عارف رشید کی امامت میں سینکڑوں فرزند اسلام نے عید کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی و استحکام کیساتھ ساتھ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کردی گئی، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے نماز عید پڑھائی، گورنر چودھری سرور، کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان نے بھی بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کی۔ نماز کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ نماز عید کی ادائیگی کیلئے مرد حضرات کیساتھ ساتھ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ بارش کے باعث بادشاہی مسجد میں نماز عیدالفطر کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ قناتیں ٹپکنے اور دریاں گیلی ہونے سے نمازیوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی مسجد بیت العتیق میں عیدالفطر کی نماز علامہ سید جواد نقوی کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر کورونا ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا گیا۔ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مظلوم عوام دنیا کے مسلمانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، جبکہ عرب پہلے ہی اسرائیل کے سامنے سرتسلیم خم کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرب ملک ایک ایک بالٹی پانی ہی اسرائیل کی طرف بہا دیں تو اسرائیل غرق ہو جائے مگر عربوں کی حمیت مر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اپنے پاوں پر کلہاڑی ماری ہے، جلد ہی اپنے انجام کو پہنچ جائے گا اور فلسطین کے غور عوام سرخرو ہوں گے۔

جامعہ نعیمیہ میں عیدالفطر کی نماز مولانا ڈاکٹر راغب نعیمی کی امامت میں ادا کی گئی۔خطبہ دیتے ہوئے مولانا ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ مسلمانوں کیلئے باعث رحمت ہے اور اس مہینے اللہ کے حضور کی جانیوالی دعائیں قبول ہوتی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں اور اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کی بربریت کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

وحدت کالونی میں علامہ سید مبشر حسین نقوی نے نماز عید پڑھائی۔ اسی طرح جعفریہ کالونی، مغلپورہ، مسلم ٹاون، اچھرہ، مزنگ، سمن آباد، گلشن راوی، ٹھوکر نیاز بیگ، بحریہ ٹاون، واپڈا ٹاون، ٹاون شپ، چونگی امر سدھو، کاہنہ، مناواں، برکی، کینٹ، مغلپورہ، دھرم پورہ، مصطفیٰ آباد، اندرون شہر، اسلام پورہ، ہربنس پورہ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .