حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امام جمعہ نجف اشرف حجۃ الاسلام والمسلمین سید صدر الدین قبانچی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ آیۃ اللہ العظمی سید علی سیستانی نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا ہے،مزید کہا کہ عراقی وزیر اعظم نے وقت پر انتخابات کے انعقاد پر زور دیا ہے اور عراقی ہائی الیکشن کمیشن نے بھی وقت پر انتخابات کرانے کی اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہ تمام عراقی انتخابات میں حصہ لیں گے اور انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والوں میں سے بعض سے مطالبہ کیا کہ وہ تبدیلی اور اصلاحات لانے کے لئے اپنے فیصلے سے دستبردار ہو جائیں۔
فرانس کی نگرانی میں عراقی کانفرنس کیسے منعقد ہوتی ہے؟
امام جمعہ نجف اشرف نے پڑوسی ممالک کے مابین10 اکتوبرکو بغداد میں منعقد ہونے والی کانفرنس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کے حوالے سے اعتراضات ہیں؛اول، یہ ایک عراقی کانفرنس ہے جس کی صدارت فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کر رہے ہیں جو کہ قومی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین قبانچی نے مزید کہا کہ دوسرا اعتراض یہ ہے کہ میکرون نے شام کو مدعو نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور عراقی حکومت نے اس درخواست قبول کرلیا ہے۔
امام جمعہ نجف اشرف نے اپنے بیان میں بحرینی حکومت کی جانب سے سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے متعدد عزاداروں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے فرقہ وارانہ اور ناقابل قبول عمل قرار دیا۔
آخر میں،انہوں نے عراقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عراقی شہریوں کی حمایت کرے تاکہ ان کے قانونی اور شرعی حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔