حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے غزہ شہر کے نوجوان "حسن ابو النیل" کی شہادت پر تعزیت پیش کی ہے۔
تحریک حماس نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ فلسطین کے تمام علاقوں غزہ،نابلس،بیتا،بلاطہ، جنین اور کوۂ صبیح میں قابضین کے خلاف فلسطینیوں کے غم و غصے میں اضافہ ہوا ہے،مزید کہا کہ یہ فلسطینی اور غزہ پٹی کے لوگوں کا پاک خون اس بات پر تاکید کرتا ہے کہ فلسطین ایک آزاد اور ثابت قدم ملک ہے اور کبھی بھی محاصرے،جارحیت اور غیر قانونی آباد کاروں کے سامنے نہیں جھکے گا۔
تحریک حماس نے مزید کہا کہ قابضین کے ساتھ فلسطینی عوام کی جدوجہد،ان کے تمام حقوق کے حصول اور قابضین کو فلسطین کی تمام سرزمین سے بے دخل کرنے تک جاری رہے گی۔
تحریک حماس نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ "جنگ سیف القدس" کا سلسلہ غزہ سے نابلس،جنین سے القدس تک پھیلا ہوا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا،کہا کہ محاصرے کا تسلسل،یہودی بستیوں کی تعمیر اور جارحیت کے سلسلے کو ختم کرنے اور غزہ کے مصائب کے خاتمے کے لئے جدوجہد اور مزاحمت کا تسلسل ضروری ہے اور یہ تمام فلسطینیوں کا قومی فریضہ ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ حسن ابو النیل کو گزشتہ ہفتہ اسرائیلی فوجیوں نے گولی مار کر زخمی کر دیا تھا تاہم وہ آج صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔