حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ یوم جمہویہ ہند کے موقع پر تنظیم المکاتب کیمپس گولہ گنج میں جشن کا اہتمام کیا گیا۔ جس کا آغاز مولوی علی محمد معروفی فاضل جامعہ امامیہ نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ بعدہ مولانا سید منور حسین رضوی انچارج جامعہ امامیہ نے پرچم کشائی کی اور مولوی کونین رضا، مولوی ثمر مہدی، مولوی میثم رضا موسوی نے قومی ترانہ پڑھا۔ مولوی محمد فہیم ، مولوی محمد طہ اور مولوی سید محمد حسنین نےشاعر مشرق علامہ اقبال کی مشہور نظم ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ پڑھی۔
مولانا سید منور حسین رضوی انچارج جامعہ امامیہ نے بیان کیا کہ ہمارا عزیز ملک ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے اور یہ جمہوریت اس کا حسن اور امتیاز ہے۔ ہمارے یہاں الیکشن ہوتا ہے الیکسن کے دوران کی تمام تر رقابتوں کے باوجود جو پارٹی بھی کامیاب ہوتی ہے اسے تمام پارٹیاں مبارک باد پیش کرتی ہیں جو ہمارے ملک کی جمہوریت ، بھائی چارے اور گنگا جمنی تہذیب کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔
اساتذہ جامعہ امامیہ مولانا سید علی ہاشم عابدی، مولانا منظر علی عارفی اور مولانا سید ممتاز جعفر نقوی مربی اعلیٰ جامعہ امامیہ نے بھی تقاریر کیں۔ جشن میں اساتذہ اور طلاب جامعہ امامیہ کے علاوہ خادمان و کارکنان ادارہ تنظیم المکاتب نے بھی شرکت کی۔