حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/ پیروان ولایت جموں وکشمیر نے مسجد اقصٰی میں صیہونی بربریت کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اسے بوکھلاہٹ قرار دیا۔
تنظیم کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے صیہونی بربریت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مذموم کاروائی کو عالمی سامراج اور اس کے ناجائز اولاد اسرائیل کی بوکھلاہٹ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ میڈل ایسٹ سمیت دنیا بھر میں امریکہ واسرائیل کی بڑھتی رسوائی اور کم ہوتا ہوا اثر رسوخ سے عالمی سامراج بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا ہے جس کے باعث وہ یا تو دنیا میں جنگ وجدل اور ناامنی کو فروغ دے رہا ہے یا پھر بے گناہ عوام کا قتل عام اور انہیں عذاب و عتاب کا شکار بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور یہ مقدس جگہ مسلمانان عالم کے دلوں کی دھڑکن ہے لیکن افسوس صد افسوس اس مقدس مقام کی بار بار توہین کے باوجود مسلمانان عالم کے نام نہاد ادارے مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے عرب ممالک غاصب وجابر اسرائیل کی مسلم کش پالیسیوں اور اقدامات کے باوجود ان کے ساتھ تعلقات کو بڑھاوا دے رہے ہیں اور شرم وحیا کے تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے معصوم فلسطینیوں کے قتل عام میں اپنے ناپاک ہاتھ رنگین کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امت کی بدبختی یہ ہے کہ نام نہاد خادم الحرمین اور ان کے ذر خرید مفتی اسرائیلی مفادات کو تقویت بخشنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں جو قبلہ اول کہ بے حرمتی کے ساتھ ساتھ فلسطینی مظلوم عوام کو خاک و خون میں نہلا رہے ہیں۔
انہوں نے رمضان المبارک کے مقدس ایام میں مسجد اقصٰی میں غاصب صیہونی کاروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے سلامتی کونسل کی خاموشی کو معنی خیز اور افسوسناک قرار دیا۔