حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بلتستان شگر کے اسلامک سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام جشنِ نزولِ قرآن کی مناسبت سے بین المدارس حُسن قرائت، کوئز اور نعتیہ مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں شگر بھر کے دینی مدارس کے طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، پروگرام میں یونین کونسل چھورکاہ کی سطح پر بچوں اور جوانوں کے درمیان حُسن تلاوتِ قرآن، کوئز اور نعتیہ مقابلے کا انعقاد کیا گیا اور پروگرام سے علمائے کرام نے قرآن اور ہماری ذمہ داری سے کئی اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔
جامع مسجد صاحب الزمان میں منعقدہ اس عظیم الشان تقریب سے علماء نے خطاب کے دوران، قرآن کے احیاء میں مدارس اور معلمین کی ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج قرآن مجید کے حوالے سے علماء اور طلباء پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، لہذا علماء قرآن کے احیاء کے لئے کوششیں کریں۔
تقریب سے حجۃ الاسلام والمسلمین سید نثار موسوی نے ثقافتی یلغار اور مدارس کی ذمہ داری، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ فداعلی حلیمی نے قرآن کی نظر میں معلمین کی ذمہ داری اور حجۃ الاسلام فدا حیدری نے معلمین اور دینی مدارس کی ذمہ داریوں پر تفصیل سے گفتگو کی۔
تقریب کے آخر میں حُسن قرائت، نعتیہ اور کوئز مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو نفیس انعامات سے نوازا گیا۔