حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 15مئی بروز اتوار کو قم المقدسہ میں رہبرِ معظمِ انقلابِ اسلامی امام خامنہ ای حفظہ اللہ کے آثار اور افکار اور ہماری ذمہ داریوں کے عنوان سے ایک نشست منعقد ہوئی جس میں رہبرِ معظمِ انقلابِ اسلامی کی دوکتاب «مسئلہ فلسطین » اور «پیغمبر رحمت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم» کی رونمائی، آل پاکستان کوئز مقابلے کے نتائج کا اعلان اور رہبرِ انقلاب کے افکار پر تحریر وتحقیق کرنے والے اہل قلم کی تجلیل کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نظامت کے فرائض برادر کمیل شیرازی نے انجام دئیے۔
جناب حسنین جعفر صاحب نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا اور آل پاکستان انعامی مقابلے کے ڈائریکٹر برادر نصر اللہ فخرالدین نے مقابلے کے حوالے سے مختصر رپورٹ پیش کی اور مہمانوں کو قرعہ اندازی کی دعوت دی۔
اس پروقار تقریب میں ڈاکٹر آخگری، ڈاکٹر مقیسہ، شیخ توحیدی، ڈاکٹر راشد اور میثم ہمدانی نے پہلی پانچ پوزیشن حاصل کرنے والوں کا نام بذریعہ قرعہ اندازی انتخاب کیا۔
نشست میں مولانا محسن عباس مقپون نے رہبرِ انقلاب کی جامعیت اور اس کی ترویج کی ضرورت کے عنوان سے مقالے کا خلاصہ پیش کیا۔
معروف محقق ڈاکٹر حسن مقیسہ اور موسسۂ انقلابِ اسلامی کے بین الاقوامی شعبے کے سربراہ ڈاکٹر اخگری نے نشست سے خطاب کیا، جس کے بعد رہبرِ انقلاب کی دوکتابوں « مسئلہ فلسطین اور پیغمبر رحمت صلی اللہ علیہ والہ و سلم» کی رونمائی کی گئی۔سید روح اللہ رضوی نے ترانۂ شہادت اور کمیل شیرازی نے اشعار پیش کئے۔
آخر میں ڈاکٹر راشد نقوی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی برسی کے موقع پر مضمون نویسی اور امام خمینی کے افکار پر لکھنے والے اہل قلم کے لئے بھی ایک پروگرام منعقد کرانے کا اعلان کیا۔