۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
امام جمعہ دہلی مولانا سید احمد بخاری کی متولی حرم امام رضا (ع) سے ملاقات

حوزہ/ حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نےکہا ہے کہ استعمار؛ ہندوستان میں مسلمانوں اور ہندووں میں اختلاف ڈال کر تقسیم کرنا چاہتا ہے وہ کسی ایک گروپ کے ایک حق میں نہیں ہے وہ صرف اپنے مذموم استعماری عزائم تک پہچنا چاہتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی کی امام جمعہ دہلی مولانا سید احمد بخاری و علمائے ہندوستان کے ایک وفد سے حرم امام رضا(ع) میں ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے عالم اسلام کے اتحاد اورامت مسلمہ کی طاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ،برطانیہ اور غاصب صیہونی حکومت کی قیادت میں اسلام اور امت مسلمہ کے دشمن ہمیشہ سے عالم اسلام کی طاقت سے خوفزدہ رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر امت مسلمہ کی بکھری ہوئی طاقت ان کے خلاف متحد ہو گئی توان کا نشان تک باقی نہیں رہے گا۔

انہوں نے ہندوستان کو برطانوی استعمار سے آزاد کرانے میں مسلمانوں کے اہم اور فعال کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو برطانوی تسلط سے آزاد کرانے میں مسلمانان ہند کا کردار بہت اہم اور فیصلہ کن تھا،بلکہ یوں کہیں کہ اگر مسلمانوں کی مدد اور تعاون نہ ہوتا تو ہندوستان میں استعمار کو ہرگز شکست نہ ہوتی اور نہ ہی برصغیر میں اس طرح کا تہذیب و تمدن تشکیل پاتا۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے انگریزوں کو ہندوستان سے نکالنے میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے مؤثر اتحاد و یکجہتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہندوستانی مسلمانوں نے اسلامی تعلیمات کو مدّ نظر رکھتے ہوئے جو غیروں کے تسلط کو قبول نہ کرنا ہے؛ہندوستان کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا؛ معاشرے میں مسلمانوں کے اس نمایاں کردار کو یاد رکھنا بہت ضروری ہے کیونکہ مسلم اور ہندو معاشرے کے تعاون اور باہمی اتحاد کی وجہ سے ہندوستان کو فتح نصیب ہوئی حالانکہ استکبار او طاغوت تفرقہ اور اختلاف سے اپنے تسلط کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی استعماریت کو دوام بخشنا چاہتا ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین مروی کا مزید یہ کہنا تھا کہ استعمار؛ ہندوستان میں مسلمانوں اور ہندووں میں اختلاف ڈال کر تقسیم کرنا چاہتا ہے وہ کسی ایک گروپ کے ایک حق میں نہیں ہے وہ صرف اپنے مذموم استعماری عزائم تک پہچنا چاہتا ہے۔

انہوں نے ہندوستانی مسلمانوں کی بےپناہ صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں مختلف مذاہب اور قبیلے پیار و محبت سے زندگی بسر کر رہے ہیں ،برصغیر کی ترقی کے لئے مسلمانوں سمیت تمام گروہوں کی صلاحیتوں کو روئے کار لاتے ہوئے ملک کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے استکبار و طاغوت کی جانب سے مسلمانوں پر یلغار کے لئے اسلامو فوبیا پالیسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامو فوبیا استکبار و طاغوت کی اسلامی اقدار اور تعلیمات کے خلاف اور مسلمانوں پر یلغار کی اہم پالیسی ہے، استکبار و طاغوت داعش کو تشکیل دے کر ایک طرف مسلمانوں کے قتل عام کی راہ ہموار کی اور دوسری طرف اس دہشت گرد گروپ کی کاروائیوں کو مسلمانوں سے منسوب کر کے اسلام کو ایک متشدد اور امن و سلامتی کا مخالف مذہب کے طور پر متعارف کرانے کی کوشش کی۔

حجت الاسلام والمسلمین مروی کا کہنا تھا کہ پیغمبر گرامی اسلام(ص) نے زمانہ جاہلیت میں مختلف قبیلوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے ذریعہ عظیم اسلامی تہذیب کی بنیاد رکھی اس لئے امت مسلمہ کو چاہئے وہ شیعہ ہے یا اہلسنت ؛ پیغمبر(ص) کی سیرت اور نقش قدم پر چلتے ہوئے آپس میں اتحاد ویکجہتی اور وحدت کو قائم رکھیں۔

نیز اس ملاقات کے دوران ہندوستان کے شہر دہلی کی جامع مسجد کے امام جمعہ جناب سید احمد بخاری نے حرم مطہر رضوی کی زیارت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے زائرین کی کثیر تعداد کے لئے اس بارگاہ میں بہترین سہولیات فراہم کرنے کی تعریف کی ،انہوں نے اپنے سفر کے مقصد کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایران سفر کا مقصد علماء سے ملاقات اور ہندوستان و ایران کے مسلمانوں کے مابین تعلقات کو مزید مستتحکم بنانا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .