حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جوانان امامیہ فرینکفرٹ جرمنی کے زیر اہتمام بروز اتوار ایک سیمینار منعقد کیا گیا ، جس کا عنوان " مغربی معاشرے میں مسلمان نوجوان" تھا۔
اس سیمینار سے خطاب جرمنی کے شہر آخن سے تشریف لائے ہوئے مہمان حجت الاسلام والمسلمین شیخ جواد میولر نے کیا۔ انھوں نے اپنی گفتگو میں مغربی معاشرے میں ایک نوجوان مسلمان کے ایمان و عمل کے اوپر روشنی ڈالی۔
جرمنی کے شہر آفن باخ میں یہ نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام تھا۔ جس میں فرینکفرٹ اور گرد و نواح کے رہنے والے نوجوانوں اور بچیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس میں بچے اور بچیوں نے اسلامی رہن سہن اور مغربی زندگی کے بارے میں سوالات کیے۔
یاد رہے کہ جوانان امامیہ فرینکفرٹ شیعہ مسلمان نوجوانوں کی متحرک جماعت ہے ۔ جس کی اولین ترجیح دیار غیر میں نوجوانوں کی اسلامی تربیت اور حقیقی اسلام سے روشناس کروانا ہے۔ اس موقع پر مرکز امامیہ فرینکفرٹ جرمنی کی انتظامیہ نے نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور اس طرح کے سیمینار کو منعقد کروانے میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
یہ بات قابل توجہ رہے کہ اس طرح کے پروگرام آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے ہدایت کا ذریعہ ہیں، جس سے انسان مغربی دنیا میں اپنی نسلوں کو گمراہ ہونے سے بچا سکتا ہے۔
آپ کا تبصرہ