۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۵ شوال ۱۴۴۵ | Apr 24, 2024
آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/ جناب ابو طالب ایک مومن اور موحد انسان تھے جنہوں نے زندگی کے آخری لمحات تک نبی خدا کو کفار قریش کے شر سے محفوظ رکھا اور اسلام کی ترقی اور پیشرفت میں سب سے زیادہ تعاون کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت السلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے جناب ابوطالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے تمام امت مسلمہ کو تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جناب ابوطالب علیہ السلام رسول اکرم کے سب سے بڑے حامی و مددگار تھے، آپ(ع) کی حیات طیبہ آپ کے بے نظیر کارناموں سے بھری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابوطالب علیہ السلام ایک ایسی شخصیت کا نام ہے جو درد مندوں اور محروموں کی پناہ گاہ تھی، اخلاق و اخلاص آپ کے بابرکت وجود میں مجسم ہوگئے تھے، ایک ایسا باقدرت انسان کہ تاریخ نے اس کے ثبات قدم، استقامت اور فدا کاری کو اس کے فرزند ارجمند حضرت علی علیہ السلام کے علاوہ کسی اور میں نہ دیکھا۔

آغا صاحب نے کہا کہ جناب ابو طالب ایک مومن اور موحد انسان تھے جنہوں نے زندگی کے آخری لمحات تک نبی خدا کو کفار قریش کے شر سے محفوظ رکھا اور اسلام کی ترقی اور پیشرفت میں سب سے زیادہ تعاون کیا، حضرت ابوطالب علیہ السلام وہ شخصیت تھے جنہوں نے رسول خدا کی دوران طفولت کفالت و سرپرستی کی اور جب بڑے ہوگئے تو آپ کی حمایت و نصرت کی اور کفار قریش کے شر سے محفوظ رکھا، انہوں نے اس راہ میں ہر طرح کی سختیاں اور مصیبتیں برداشت کیں اور ہربلا و مصیبت کو خندہ پیشانی کے ساتھ قبول کیا اور رسول خدا کی نصرت و حمایت اور دین اسلام کی تبلیغ و ترویج میں اپنے پورے وجود کے ساتھ قیام کیا اور اس شان سے ایثار و فدا کاری کی کہ جناب ابو طالب، کی وفات کے وقت جبرئیل امین نازل ہوئے اور رسول خدا سے کہا: اب آپ (ص)مکہ سے نکل جائیں اس لئے کہ آپ کا یاور و مددگار دنیا سے رخصت ہوگیا ہے۔

آغا سید حسن نے اپنے تہنیتی پیغام میں امت مسلمہ کو حضرت ابوطالب علیہ السلام کی سیرت پر چلتے ہوئے اسلام کی مددو نصرت کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی یہ ذمہ داری ہیکہ جس طرح حضرت ابوطالب علیہ السلام نے رسالت کی مدد کی ہم بھی اس دور میں جہاں جہاں پر مسلمانوں کی مدد و نصرت کی ضرورت ہو ہم بھی ان کی مدد میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کریں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .