حوزہ نیوز ایجنسی نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، کاشان کے ادارۂ اوقاف اور خیراتی امور کے شعبہ کے سربراہ جناب مسلم محمود زادہ نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں کہا: حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شادی کی سالگرہ کے قریب آنے کے ساتھ ہی 150 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب کی تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا: اجتماعی شادی کی یہ بابرکت تقریب یکم جولائی 2022ء بروز جمعہ شام 5:30 بجے مشہد اردہال، کاشان میں حضرت سلطان علی ابن محمد باقر علیہ السلام کے حرم مطہر میں منعقد ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا: اس تقریب میں معروف ٹیلی ویژن پروگرام "سمتِ خدا" میں آنے والے مذہبی ماہر حجت الاسلام تراشیون بھی خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ بھی مختلف پروگرامز ترتیب دئے گئے ہیں جس میں ملک کے معروف مداح جناب کربلائی صابر عابدی مدحِ اہل بیت علیہم السلام پیش کریں۔
مسلم محمود زادہ نے کہا: علاقہ اردہال کے امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین سلیمانی تبار خطبۂ نکاح پڑھیں گے۔
انہوں نے آخر میں کہا: نئے جوڑوں کو گفٹ پیک پیش کیے جائیں گے اور ان میں سے چار جوڑوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے مشہد مقدس کے سفر کا انعام بھی دیا جائے گا۔