۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
حسن اکبر

حوزہ/ پاکستان کے برادر ہمسایہ اسلامی ملک جمہوری اسلامی ایران نے سیلاب زدگان کی فوری مدد کیلئے گورنر صوبہ سیستان و بلوچستان ایران کی سربراہی میں لاکھوں ڈالرز کی قیمت کا سامان پاکستانی صوبہ بلوچستان کے حکمرانوں کے حوالے کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ ادارہ منہاج الحسین لاہور کے سربراہ رکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان سربراہ تحریک حسینیہ پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر صاحب نے لاہور میں متعین جمہوری اسلامی ایران کے قونصل جنرل جناب آقای محمد رضا ناظری صاحب سے ملاقات کی ۔ اس مصیبت کی گھڑی میں پاکستان کے سیلاب زدگان کی فوری مدد اور سامان پہنچانے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے ہمسایہ ہونے کا حق ادا کیا ہے ۔

جناب ناظری صاحب نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلہ میں فوری طورپر پاکستانی صوبہ بلوچستان کے ساتھ متصل ایرانی صوبہ بلوچستان و سیستان کے گورنر جناب مدرس خیابانی نے ایرانی حکام بالا کی ہدایت پر اپنی سربراہی میں یہ سامان فوری طور پر پاکستان پہنچایا۔جمہوری اسلامی ایران جوکہ پاکستان کا ہمسایہ اور پاکستان کو سب سے پہلے تسلیم کرنے والا اسلامی ملک ہے جس نے ہمیشہ اچھے ہمسایہ کا حق ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سیلابی جاری تباہ کاریوں سے متاثرہ اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کرنے میں سب سے پہلے اور آگے بڑھ کر سامان اور ضروریات زندگی پہنچانے والا ملک ہے جس نے ہمسایہ صوبہ سیستان اور بلوچستان ایران کے گورنر عزت مآب جناب مدرس خیابانی صاحب کی سربراہی میں ھلال احمر کے تجربہ کار کارکنوں کیساتھ نہ صرف ضروریات زندگی کی چیزیں پہنچائیں بلکہ صوبہ بلوچستان پاکستان کے پاکستانی مسلمان بھائیوں کی فوری مدد کیلئے پاکستان پہنچے اور ان کو اس مصیبت سے نجات دلانے میں مصروف ہیں یہ سامان پاکستان بارڈر کے ساتھ ایرانی متصل شہر چابھار کے شہریوں ، ھلال احمر اورصوبائی ذمہ دار افسران بالا کی طرف سے پہنچایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی کھیپ سامان کو لے کر یہ وفد پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہریوں کی مدد کیلئے پہنچا اس سامان میں ایک ہزار خیمہ ، چار ہزار کمبل و بستر، دو ہزار قالین اور تقریباً لاکھوں ڈالرز کی قیمت کا دوسرا سامان پہنچایا ، اور مزید مدد کا سلسلہ جاری ہے ۔

علامہ محمد حسین اکبر صاحب نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب حضرت آیت اللہ العظمیٰ السید علی خامنہ ای مدظلہ کی طرف سے پاکستانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی خمس کی مدسے مدد کرنے کا بھی اپنے مقلدین کو حکم دے کر اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کی بہت مدد کی ہے ۔

یاد رہے اسی طرح نجف اشرف میں مقیم شیعہ مجتہدین حضرت آیت اللہ العظمیٰ السید علی سیستانی مدظلہ اور حضرت آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی مدظلہ نے بھی اپنے مقلدین کو حکم دیا ہے کہ مال خمس سے بلا تفریق متاثرین کی ہر طرح کی مدد کی جائے ۔

علامہ محمد حسین اکبر صاحب نے بھی پاکستانی عوام اور بیرون مقیم مخیر حضرات اور تنظیموں سے درخواست کی ہے کہ پاکستان اس وقت انتہائی بدترین حالات سے دوچار ہے ان کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور سیلاب زدگان بے گھر و بے سہارا افراد تک ضروریات زندگی کی چیزیں پہنچا کر ثواب دارین حاصل کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .