۲۰ مهر ۱۴۰۳ |۷ ربیع‌الثانی ۱۴۴۶ | Oct 11, 2024
مولانا سید حیدر عباس رضوی

حوزہ/ اسلامی نظام سے خائف دشمن عناصر کی یہ بڑی بھول ہے کہ وہ اس قسم کی حرکتیں انجام دے کر ایرانی غیور عوام سے اسلام،اسلامی نظام اور ولایت فقیہ جیسی الہی نعمات چھین سکیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ دو روز قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے شیراز شہر میں واقع جناب احمد بن امام موسی کاظم علیہ السلام کے حرم اطہر میں استعمار و استکبار کے ہاتھوں بنی داعشی ٹولی کے سرکردہ کارندے نے پوری دنیا میں انصاف پسند حریت طلب انسانیت کے قلوب کو مجروح کیا۔

قابل ذکر ہے کہ چہار شنبہ کو عین نماز مغرب کے وقت بارگاہ الہی میں عبادت و بندگی کرنے والے مرد و زن خورد و کلاں کو اس وقت ظلم کا سامنا کرنا پڑا جب اسلام کے قسم خوردہ دشمن داعشیوں نے اپنے جرائم میں مزید اضافہ رقم کیا۔اگر چہ یہ سچ ہے کہ بے گناہوں کا خون بہا کر تکفیری ٹولی داعش نے اپنی نابودی کی نوید سنا دی ہے۔

اسلامی نظام سے خائف دشمن عناصر کی یہ بڑی بھول ہے کہ وہ اس قسم کی حرکتیں انجام دے کر ایرانی غیور عوام سے اسلام،اسلامی نظام اور ولایت فقیہ جیسی الہی نعمات چھین سکیں گے۔

یہی کمال ہے معمار انقلاب حضرت امام خمینی علیہ الرحمہ کا کہ انہوں نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے لئے شہادت کے کلچر کو فروغ دیا جس کے نتیجہ میں ہر کوئی شہادت کو سعادت سے تعبیر کرتا نظر آتا ہے۔

مہسا امینی کی موت کے بعد پوری دنیا میں ایران اسلامی کے خلاف سازشیں رچی گئیں،پروپیگنڈے کئے گئے حد تو یہ ہے کہ ہماری ملکی میڈیا بھی اس میں پیچھے نظر نہ آئی اور اب جبکہ ۱۵ بے گناہوں کے خون سے مقدس بارگاہ رنگین ہو گئی تو سارا عالم منھ سئیے بیٹھا ہے۔

داعش نے ایک بار پھر اپنے اسلام کے نام پر کلنک ہونے کا ثبوت پیش کیا۔ داعش سمیت دنیا بھر کے اسلام دشمن عناصر یہ سمجھ لیں کہ جنرل قاسم سلیمانی شہید ہوئے ہیں لیکن ابھی سینکڑوں قاسم سلیمانی ہیں جو ان کی آنکھوں سے نیند اڑانے کے لئے کافی ہیں۔با بصیرت قائد رہبر انقلاب نے گذشتہ روز اپنے تعزیتی نوٹ میں سخت سے سخت کاروائی کا حکم دیتے ہوئے تاکید فرمائی ہے کہ تلاش کیا جائے اصل سبب کہ یہ تلخ حادثہ کیونکر رونما ہوا اور اس کے کیا اسباب ہیں۔امید کہ انسانی برادری ان بے گناہوں کے قتل پر اپنا سکوت توڑے گی۔

ہم اس دہشتگردانہ کاروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایرانی عوام،شہداء کے پسماندگان سمیت اپنے محبوب رہبر کی خدمت میں تعزیت و تسلیت نیز تبریک پیش کرتے ہیں ساتھ ہی بارگاہ خداوندی میں مجروحین کی صحت و عافیت نیز دشمنان دین اسلام کی نابودی کے طلبگار ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .