جمعرات 2 فروری 2023 - 22:39
نور مائکرو فلم کی انوکھی پیشکش،کتاب "اجازات علمائے ہند" کی دوسری جلد زیور طبع سے آراستہ ہونے جارہی ہے

حوزہ/ اجازات علمائے ہند کے متعلق کتاب اجازات علمائے ہند(بر صغیر) فارسی اور اردو زبان میں آمادہ ہوچکی ہے اور انگریزی زبان میں بھی جلدی منظر عام پر آجائے گی ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،دانشنامہ اسلام، انٹرنیشنل نورمائکروفلم سینٹر دہلی میں انجام دی گئی برسوں کی محنت رنگ لے آئی۔ اس مرکز میں کئی برس سے علمائے اعلام کی زندگی پر مشتمل مسودہ آمادہ کیا جارہا ہے اور یہ کام آج بھی جاری و ساری ہے۔

ہمیں یہ بتاتے ہوئے نہایت فرحت محسوس ہورہی ہے کہ مذکورہ مرکز کی زیر نگرانی اجازات علمائے ہند کے متعلق کتاب اجازات علمائے ہند(بر صغیر) فارسی اور اردو زبان میں آمادہ ہوچکی ہے اور انگریزی زبان میں بھی جلدی منظر عام پر آجائے گی ۔

اجازات علماء ہند کی دوسری جلدعنقریب منظر عام پر آنے والی ہے اور تیسری جلد پر کام چل رہا ہے لہٰذا صاحبان اجازات اپنے اور اپنے اجداد اور دیگر علمائے کرام کےاجازوں کو کتابی صورت میں لانے کے لئے نور مائکرو فلم سینٹر (دہلی)سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

یہ کتاب مولانا سید غافر رضوی فلکؔ چھولسی اور مولانا سید رضی زیدی پھندیڑوی کی کاوشوں کا نتیجہ ہےجو ڈاکٹر مہدی خواجہ پیری صاحب کی زیر نگرانی ترقی کے مراحل طے کر رہی ہے۔

اس کتاب میں وہ اجازات بھی لائے گئے ہیں جو علمائے ایران و عراق نے علمائے ہند کو عطا کئے اور ان اجازوں کا تذکرہ بھی ہے جو علمائے ہند نے علمائے ایران و عراق کو عطا کئے ہیں۔ مثلاً آیت اللہ سید ابوالحسن نقوی، نجم الملۃ آیت اللہ سید نجم الحسن رضوی، آیت اللہ سید علی نقی نقن لکھنوی، آیت اللہ فدا حسین سراج الدین، ناصرالملت آیت اللہ سید ناصر حسین موسوی، مفتی سید احمد علی موسوی جیسے جید آیات عظام نے آیت اللہ سیدشہاب الدین مرعشی نجفی کو اجازے مرحمت فرمائے اور آیت اللہ العظمیٰ سید راحت حسین گوپالپوری نے آیت اللہ مرعشی نجفی کو دو اجازے عطا کئے جن میں سے ایک اجازۂ اجتہاد اور ایک اجازۂ روایت ہے۔ ان تمام اجازوں کا تذکرہ اس کتاب میں موجود ہے۔

کتاب مذکور کا طریقۂ کار یہ ہے کہ سب سے پہلے مقدمہ ہے جس میں اجازوں کی قسمیں، تمام اجازوں کی تعریف اور اجازوں کے درمیان فرق کو بھی واضح طور پر بیان کیا گیا ہے ۔ کتاب حاضر میں اجازات کے مکمل تعارف کے ساتھ اجازات کی تصاویر بھی پیش کی گئی ہیں۔

مذکورہ کتاب کے بارے میں مولانا رضی زیدی پھندیڑوی کا کہنا ہے کہ اگرکتاب اجازت کی ایک جلد کی شرح کی جائے تو 5 جلدیں آمادہ ہوسکتی ہیں، اگر کوئی طالب علم اس کتاب پر پی ایچ ڈی کرنا چاہے تو اس کتاب میں اتنی گنجائش بھی پائی جاتی ہے۔

نور مائکرو فلم کی انوکھی پیشکش،کتاب "اجازات علمائے ہند" کی دوسری جلد زیور طبع سے آراستہ ہونے جارہی ہے

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .